حکومتی پروگرام کے تحت 798مساجد کے امام حضرات کو 10ہزار ماہانہ وظیفہ کی ادائیگی شروع

پشاور(آ ئی این پی)ضلع ملاکنڈ میں صوبائی حکومت کی جانب سے آئمہ کرام کو دئیے جانے والے ماہانہ وظائف کی فراہمی کے سلسلے میں ایک تقریب جمعہ کے روز ضلعی سیکرٹریٹ بٹ خیلہ میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر آبنوشی شکیل خان، رکن قومی اسمبلی جنید اکبر،چیئرمین ڈیڈک پیرمصور خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ انورالحق اور اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ محب اللہ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسرا ن و آئمہ کرام نے شرکت کی۔ تقریب میں صوبائی حکومت کی جانب سے شروع کردہ منصوبے کے تحت آئمہ کرام کو وظائف کے چیکس فراہم کئے گئے۔

واضح رہے کہ مذکورہ پروگرام کے تحت ضلع ملاکنڈ میں پہلے مرحلے میں 798آئمہ کرام کو وظائف دئیے جارہے ہیں جس کے تحت انہیں ماہانہ 10ہزار روپے وظیفہ کے حساب سے مجموعی طورپر تین مہینے بعد 30ہزار روپے کے چیک دئیے جارہے ہیں۔پروگرام کے تحت ضلع کے تمام تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے آئمہ کرام صوبائی حکومت کے اس منصوبے سے مستفید ہونگے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شکیل خان، رکن قومی اسمبلی جنید اکبر اور چیئرمین ڈیڈک پیر مصور خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے شروع کردہ اس انقلابی منصوبے کے تحت ضلع ملاکنڈ کے تمام تحصیلوں میں آئمہ کرام کو وظائف دئیے جائیں گے جوکہ مختلف اقساط کی شکل میں فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اگر چہ اس سکیم کے تحت وظائف فراہمی میں سکروٹنی کیوجہ سے وقت لگا تاہم اب اس کے ذریعے ہمارا دینی طبقہ مکمل مستفید ہوگا اور اس پروگرام کے تحت ہمارے مذہبی رہنماء اور علمی خاندانوں کی مالی اعانت ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی فلاح وبہبود کی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کرے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ ہماری صوبائی حکومت نے آئمہ کرام سے اپنا کیا ہوا وعدہ پورا کیا جو کہ ریاست مدینہ کی طرف آگے بڑھنے کیلئے ایک قدم ہےٍ۔ اس موقع پر آئمہ کرام نے صوبائی حکومت کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے مذہبی طبقے کی معاونت ہوسکے گی۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close