الیکشن کمیشن پنجاب کا اہم اجلاس، ضمنی انتخاب کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ

خانیوال(آئی این پی) پی پی۔206خانیوال: صوبائی الیکشن کمشنر،پنجاب کا ضمنی انتخاب کی تیاریوں کے حوالے سے خانیوال میں اہم اجلاس،خانیوال، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، غلام اسرار خان نے، ضمنی انتخاب PP-206خانیوال کے انعقاد کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خانیوال میں متعلقہ افسران اور انتظامیہ کے حکام کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر محمد شاہد، ریٹرننگ افسر تنویر الحسن، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر طیب زوار بخاری،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خانیوال، ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ندیم عباس نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے آگاہ کیا کہ16دسمبر کو حلقے میں ضمنی انتخاب کے انعقاد کی تیاری مکمل ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے آگاہ کیا کہ حلقہ PP-206خانیوال میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 230,6987ہے، جبکہ پولنگ کیلئے 183پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔ ضمنی انتخاب میں 12 امیدواران حصہ لیں گے، جبکہ انتخاب میں 4بڑی سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز، پاکستان مسلم لیگ ن اور تحریک لبیک پاکستان شامل ہیں۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ 15دسمبر بروز بدھ، ریٹرننگ آفیسر کے کیمپ آفس سے پولنگ اسٹاف کو تمام الیکشن میٹیرئیل کی ترسیل کر دی جائے گی۔ علاوہ ازیں ہر پولنگ اسٹیشن کیلئے الگ گاڑی کا انتظام کر دیا گیا ہے جس میں پولنگ عملہ اور سیکیورٹی کا عملہ، انتخابی سامان اور انتخابی نتائج کے ساتھ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر اور پولنگ اسٹیشن تک نقل و حرکت کر سکیں گے اور بلا تاخیر انتخابی نتائج ریٹرننگ آفیسر تک پہنچا سکیں گے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال نے سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ ضمنی انتخاب کے تمام مراحل کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔انہوں نے آگاہ کیا کہ ضمنی انتخاب کیلئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے اور پولیس اور رینجرز کی خاطر خواہ نفری تعینات کر لی گئی ہے۔ حلقہ PP-206میں کل 183پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جبکہ ان میں سے 23پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور پولیس و رینجرز کی زیادہ تعداد تعینات کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرنے حلقے میں ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو بتایا کہ حلقے میں تمام امیدواران اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں کی گئیں اور انہیں ضابطہ اخلاق کے حوالے سے مکمل آگاہی دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر فوری طور پر کاروائی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔،

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ضمنی انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے افسران کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی شفافیت اور غیر جانبداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر ے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ عملہ کی حفاظت الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کیجائے گی، لیکن پولنگ اسٹاف کی طرف سے جانبداری اور فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولنگ ڈے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں۔ انتخابی امیدواران کے علاقوں میں موجود تمام پولنگ اسٹیشنز کی مانیٹرنگ کا خاص انتظام کیا جائے اور ایسے پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی بھی زیادہ تعینات کی جائے، جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔

صوبائی الیکشن کمشنرنے ڈپٹی کمشنر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ ڈے پر لاجسٹک انتظامات احسن طریقے سے سر انجام دئیے جائیں۔ پولنگ عملے وانتخابی سامان کی ترسیل اور انتخابی نتائج ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچانے کیلئے ہر پولنگ اسٹیشن کیلئے علیحدہ گاڑی کا انتظام کیا جائے۔ اس سلسلے میں ٹرانسپورٹیشن پلان ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر و ریٹرننگ افسر کے ساتھ مشاورت سے تشکیل دیا جائے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کو ہدایات دیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close