آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نےمہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر دیا

فیصل آباد(آئی این پی)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کردیا۔ اتوار کو آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا)کے ڈویژنل عہدیداران کا اہم اجلاس ڈویژنل صدر چوہدری ذوالفقارعلی کاہلوں کی زیرصدارت ڈویژنل سیکرٹریٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ہوا۔جس میں ڈویژنل جنرل سیکرٹری محمدشہبازچٹھہ،سینئرنائب صدورمیاں مقصوداحمد، عامررحمت، محمدعرفان اوردیگرذمہ داران کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری ذوالفقارعلی کاہلوں نے کہاکہ ملازمین کے جائز مطالبات پر فوری عمل کیا جائے سرکاری ملازمین کو ریلیف کی فراہمی حکومتی ذمہ داری ہے جس کی انجام دہی میں کی جانیوالی کوتاہیاں ہرگز قابل برداشت نہیں۔مہنگائی نے عام آدمی کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کو بھی زندہ درگورکردیاہے۔چھوٹے ملازمین اپنی گزربسرقرض لے کر کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایپکا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کے لیے سٹرکوں پر فیصل آباد، لاہورسمیت ہرضلع میں سراپااحتجاج ہیں اگر حکومت نے نوٹس نہ لیاتو سرکاری ملازمین قلم چھوڑ ہڑتال کرکے سٹرکوں پردفاترسجائیں گے۔چوہدری ذوالفقاعلی کاہلوں نے کہا کہ مہنگائی میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے سرکاری ملازمین کا جینا مشکل ہو چکاہے۔موجودہ تنخواہوں میں گزارہ کرنا ناممکن ہو گیاہے اور ملازمین احتجاج کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ ہم حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کر ے تاکہ ملازمین سکھ کا سانس لے سکیں۔

ایپکا کے مطالبات پر حکومت کان نہیں دھر رہی جو لمحہ فکریہ اور باعث تشویش ہے، سرکاری ملازمین حکومتی نظام کے کلید ہیں جنہیں پریشان حال رکھا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ آل پاکستان کلرکس ایسوسی کی جانب سے بار بار مطالبات کے باوجود سرکاری ملازمین کو موجودہ ہوشرباء مہنگائی کے تناسب سے ریلیف فراہم نہیں کیا جارہا نہ اس تناسب سے تنخواہوں و دیگر مراعات میں اضافہ کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) سرکاری ملازمین کا نمائندہ پلیٹ فارم ہے جو ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی خاطر ہر ممکن کردارادا کرتا رہے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں