جعلی کاغذات پر پرانی گاڑیاں درآمد کرنے والے گروہ کا سراغ لگا لیا گیا، کون کون شامل ہے؟

کراچی(آئی این پی) کسٹمز کے ادارے نے جعلی کاغذات پر پرانی گاڑیاں درآمد کرنے والے گروہ کا سراغ لگا لیا، جعلی کاغذات بنانے میں ملوث ایک بینک ملازم سمیت 9 ملزمان کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔ جمعہ کو پاکستان کسٹمز کلیکٹریٹ اپریزیمنٹ ویسٹ کراچی نے استعمال شدہ گاڑیوں کی جعلی کاغذات کے ذریعے کلیئرنس کا انکشاف کیا ہے، کوئٹہ کسٹمز نے بھی اسمگلنگ کے خلاف ایک کارروائی میں کروڑوں روپے کا سامان بر آمد کر لیا ہے،جعلی پی آر سی اور انکیشمنٹ سرٹیفکٹ میں بینک کا عملہ بھی ملوث ہے، ملزمان کے خلاف اسپیشل کسٹم کورٹ میں 3 ایف ائی آرز درج کر کے ان کا ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا۔

دوران تفتیش نجی بینک کے ملازم نے جعلی پی آر سی بنانے کا اعتراف کر لیا، اب تک 29 جعلی پی آر سی کی شناخت کی جا چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید کاغذات کی ویریفکیشن کے لیے انھیں متعلقہ بینکوں کے ہیڈ آفس بھجوا دیا گیا ہے۔ایک اور کارروائی میں بلوچستان کسٹمز کوئٹہ کلیکٹریٹ نے زیارت کسٹمز چیک پوسٹ پر کارروائی کے دوران ایک ٹرک سے 2 کروڑ روپے کا غیر ملکی سامان برآمد کر لیا۔کلیکٹر کسٹمز پریونٹیو ڈاکٹر فرید سالار کے مطابق اسمگل شدہ سامان اور ٹرک تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر رواں ہفتے کے دوران 8 کروڑ کا غیر ملکی سامان قبضے میں لیا جا چکا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close