لاہور(آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے فیصل آباد میں پاکستان کے سب سے بڑے ایکسپو سینٹر بنانے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ سیالکوٹ میں بھی ایکسپو سینٹربنایا جائے گا۔ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے سیالکوٹ میں سرجیکل سٹی بنایا جائے گا جبکہ چونیاں میں ایکوا پارک پراجیکٹ کا جلدآغاز کردیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سرمایہ کاری سہولت سینٹرسرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کیلئے کلیدی کردارادا کررہا ہے۔
چین، ترکی، جاپان، کوریا اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کی سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ چونیاں،بہاولپور اورمظفرگڑھ میں اکنامک زونزپر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ سپیشل اکنامک زونز وہاڑی،گجرات،قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں یوٹیلیٹیز کی فراہمی کیلئے فنڈز جاری ہوچکے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سپیشل اکنامک زونز کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال،چیف سیکرٹری، سیکرٹری انڈسٹریز، چیئرمین پیڈمک، چیئرمین فیڈمک، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور دیگرحکام نے شرکت کی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں