الیکشن ٹربیونل، پیپلزپارٹی ایم این اے کی عدم پیشی پر برہم،دس ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا

سکھر(آئی این پی) الیکشن ٹربیونل کا پیپلزپارٹی ایم این اے عابد بھیو کی عدم پیشی پر اِظہار برہمی،دس ہزار روپے جرمانہ عائد،سماعت دس جنوری تک ملتوی تفصیلات کے مطابق سکھرمیں قائم الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس محمد جنید غفار نے پیپلزپارٹی کے ایم این اے میر عابد حسین بھیو کی کامیابی کے خلاف ان کے مخالف آزاد اور جی ڈی اے کے حمایت یافتہ امیدوار عرفان احمد جتوئی کی جانب سے داخل کردہ درخواست کی سماعت کی تاہم سماعت کے دوران پیپلزپارٹی ایم این اے میر عابد بھیو ٹریبونل میں پیش نہیں ہوئے جس پر ٹریبونل کے جج نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم این اے پر دس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور بعدازاں درخواست پر سماعت دس جنوری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ میر عابد حسین بھیو 2018 کے عام انتخابات میں شکارپور ضلع کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 198 سے 64,187 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ درخواست دہندہ نے 1765 ووٹ حاصل کیے تھے تاہم آزاد امیدوار نے پیپلزپارٹی امیدوار کے خلاف دھاندلی کے الزامات کے تحت الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کررکھی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close