لاہور (آئی این پی) پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ گروپس میں تصادم، رجسٹرار سمیت دیگر دفاتر کے شیشے توڑ دیے،پنجاب یونیورسٹی میں دو طلبہ گروپوں میں لڑائی جھگڑے سے خوف وہراس پھیل گیا جبکہ ایک گروپ نے وائس چانسلر(وی سی) آفس کا گھیرا کرکے اسے نقصان پہنچایا۔نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق جامعہ پنجاب میں ایک بار پھر دو طلبہ گروپ آمنے سامنے آگئے اور کینٹین بند کرکے توڑ پھوڑ اورگالم گلوچ کی جبکہ ڈنڈا بردار گروپ نے وائس چانسلر آفس کاگھیرا کیا اور رجسٹرار سمیت دیگر دفاتر کے شیشے توڑ دیے۔
دوسری جانب یونیورسٹی کی اپنی سکیورٹی بھی بے بس رہی۔ذرائع کے مطابق ایک طلبہ تنظیم کے ترجمان کا کہنا تھاکہ ان کے پرامن کارکنوں پر قوم پرست کارکنوں نے تشدد کیا اور قوم پرستی کی آڑ میں غیر قانونی افراد یونیورسٹی میں گھس آئے جبکہ دوسری طلبہ تنظیم کا کہنا تھا کہ انکا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں اوران سے امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف پولیس کو درخواست دیدی ہے تاہم پولیس کی جانب سے کوئی کاروائی نہیں کی گئی جبکہ وزیر اعلی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں