قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا اجلاس، فیسوں کی وصولی کیلئے 7دسمبر آخری تاریخ مقرر

گلگت(آئی این پی)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں طلبہ وطالبات سے فیسوں کی مد میں واجبات کی وصولی کے لیے 7دسمبر 2021آخری تاریخ مقر ر کرنے کا اعلان کردیا۔ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میرتعظیم اختر کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد طلبہ وطالبات کے اُوپر جرمانے لگائے جائیں گے۔اور دو ہفتوں کے بعد واجبات ادا نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ طلبا کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے گی۔اور ان کو یوینویرسٹی میں داخل نہ ہونے دیاجائے گا۔ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کے مطابق اس بات کا فیصلہ وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شا ہ کے زیر صدارت ڈینز،ڈائریکٹرزاور شعبہ جاتی سربراہان کی اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیاگیا۔

ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کے مطابق اجلاس میں بتایاگیاکہ اس وقت طلبا کی فیسوں کی مد میں 14کروڑ روپے بقایہ جات واجب الادا ہیں۔یونیورسٹی قوانین کے مطابق سمسٹر شروع ہونے کے چودہ دنوں کے اندر فیس نہ دینے کی صورت میں داخلہ منسوخ کیاجاتاہے۔تاہم کیثرطلبا کی درخواست پر وائس چانسلر نے بغیر جرمانے کی فیس کی ادائیگی کے لئے 7دسمبر2021تک توسیع دی گئی ہے۔اس ضمن میں تمام طلبا اور والدین سے گزارش ہے کہ وہ واجبات مقررہ وقت تک ادا کریں۔اجلاس میں یہ بھی کہاگیاہے کہ شعبہ جاتی سربراہان 7 دسمبر کے بعد فیس نادہندگان کو کلاس میں بیٹھنے سے منع کریں۔یاد رہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اس وقت اپنی اخراجات کا 58فیصد اپنے وسائل سے پیدا کررہی ہے۔جبکہ 42فیصد وفاقی حکومت سے گرانٹ کی صورت میں پوری کرتی ہے۔اس ضمن میں طلبا فیس کی فیصد آمدن کی ایک اہم جزو ہے۔

جس میں تاخیر کی وجہ سے یونیورسٹی معاشی مشکلات کا شکار ہوسکتی ہے۔لہذا طلبا اور والدین سے گزارش ہے کہ مقررہ وقت تک فیسوں کی مد میں اپنی واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ جامعہ کے معاملات احسن انداز میں جاری رہ سکیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close