انتظار ختم ہوا،اسکردو ایئرپورٹ آج سے بین الاقوامی پروازوں کے لیے تیار

سکردو (آئی این پی)سکردو ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن کا انتظار بالآخر ختم ہوگیا کیونکہ اسے بین الاقوامی ایئرپورٹ کی حیثیت حاصل ہوگئی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 2 دسمبر جمعرات سے یہاں نئی شناخت کے تحت آپریشن کا آغاز ہوگا‘ وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے سکردو ایئرپورٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا تھا۔اتھارٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا کہ ایئرپورٹ کے ابتدائی آپریشنز صرف ویڑوئل فلائٹ رولز (وی ایف آر) کے تحت انجام پائیں گے۔

اے ٹی پی فلائٹ اسکول کے مطابق ’وی ایف آر‘ کے تحت طیارہ بصری موسمیاتی حالات (اچھے اور صاف موسم) میں کام کرتا ہے اور بادل، تیز بارش، دھند ہونے اور دیگر خطرنات موسمی حالات سے وی ایف آر کے تحت گریز کیا جانا چاہیے۔جنوری 2020 میں وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے اسکردو ایئرپورٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔ ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن میں نئے رن وے کی تعمیر، نئی ٹرمینل عمارت، ایپرون اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز کو پورا کرنے کے لیے دیگر سہولیات کی فراہمی شامل تھی۔

وفاقی وزیر نے اس وقت یہ بھی کہا تھا کہ اسکردو ایئرپورٹ کا شمار دنیا کے بلند ترین ہوائی اڈوں میں ہوتا ہے اور یہ پاکستان کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں سے ایک تھا۔غلام سرور نے اس بات پر زور دیا تھا کہ گلگت ایئرپورٹ کو توسیع دینے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جبکہ گلگت میں نئے ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے آپشنز تلاش کیے جارہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close