اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں کے 5 فیصد کوٹے کے تحت خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے ہدایات جاری

لاہور(آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیر اعلی آفس میں چیئرمین ون مین کمیشن ڈاکٹر محمد شعیب سڈل نے ملاقات کی -جس میں اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود او ران کے حقوق کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے خصوصی کمیشن بنایا جائے گااورمینارٹی رائٹس کمیشن کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے رواں مالی برس اقلیتوں کیلئے بجٹ میں 5 گنا اضافہ کیا ہے اوررواں مالی برس اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کیلئے 2ارب 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں کے مختص 5 فیصد کوٹے کے تحت خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں اوریہ بھرتیاں سو فیصدمیرٹ پر ہوں گی۔ اقلیتی برادریوں کیلئے ملازمتوں کے مختص کوٹے پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کیلئے ہائر ایجوکیشن کے اداروں میں 2فیصد خصوصی کوٹہ مقر ر کیا ہے اور2فیصد کوٹہ سے اقلیتی طلبہ بہترین درسگاہوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے۔لاہور میں یوحنا آباد اور فیصل آباد میں وارث پورہ کو ماڈل مینارٹی علاقے قرار دیا گیا ہے۔

رحیم یار خان کے علاقے بھونگ میں مندر کو ایک ماہ میں دوبارہ بحال کیا ہے۔اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔نئے پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ صوبائی وزراء اعجاز عالم، اسد کھوکھر، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close