جیکب آباد(آئی این پی)چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ کے ہاسٹل سے ڈاکٹر نوشین کاظمی کی لاش ملنے والے واقعے کے خلاف ٹھل کی جدوجہد ایکشن کمیٹی کا احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں جدوجہد ایکشن کمیٹی کی جانب سے چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ کے ہاسٹل سے چوتھے سال کی طالبہ ڈاکٹر نوشین کاظمی کی لاش ملنے والے واقعے کے خلاف ایک احتجاجی جلوس جمال جوش برڑو، سروان لاشاری، وسیم قریشی کی قیادت میں نکالا گیا،
مظاہرین نے جلوس نکال کر پریس کلب ٹھل اور رہبر چوک پر دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں سے لاشیں ملنا لمحہ فکریہ ہے، ڈاکٹر نوشین کاظمی کا واقعہ تشویشناک ہے جس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ ایسے واقعات کیوں رونما ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات ہوئے ہیں لیکن شفاف تحقیقات نہ ہونے کی وجہ سے اب ایسے واقعات آئے روز رونما ہورہے ہیں
جوکہ باعث تشویش ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر نوشین کاظمی کے واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائے اور ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے اور تعلیمی اداروں میں پڑھنے والی طالبات کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں