کوئٹہ (آئی این پی) وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے عوام دوست اقدامات کے تسلسل میں اہم پیشرفت، وزیراعلی نے کسانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں سبسڈی فراہم کرنے کیلئے کسان کارڈ کے اجرا کی منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 8فروری کو زرعی تبدیلی کے منصوبے کی منظوری دی جس کے تحت مخصوص ٹائم لائنز کے ساتھ زراعت کے شعبے میں مختلف اصلاحات اور اقدامات شامل ہیں۔ مختلف وفاقی وزارتوں، اداروں اور صوبائی محکموں کو اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے امور تفویض کئے گئے ہیں۔
اس منصوبے کے تحت کچھ کام صوبائی حکومت کو تفویض کئے گئے ہیں جنہیں صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADB)کے ذریعے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ کسانوں کو براہ راست سبسڈی فراہم کرنے کیلئے کسان کارڈ کا اجرا ہر صوبے کو تفویض کردہ کاموں میں سے ایک کام ہے۔ بلوچستان کو دی گئی ٹائم لائن 31دسمبر 2021ہے۔ ا س سلسلے میں پنجاب آئی ٹی بورڈ کے ساتھ مختلف اجلاسوں کا انعقاد کیاگیا اور زراعت توسیع بلوچستان کی ایک ٹیم نے محکمہ زراعت پنجاب کا دورہ بھی کیا۔ کسان کارڈ کے اجرا کیلئے مطلوبہ 100.00 ملین روپے کی منظوری کے بعد کیس کو صوبائی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔
صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں نجی بنک کے تجربے اور مہارت کو دیکھتے ہوئے ان کی ایگزیکٹو مینجمنٹ کے ساتھ اجلاسوں کا انعقاد ہوا اورایک قانونی دستاویز پر دستخط کئے گئے۔ منصوبے کے تحت کسانوں کو محکمہ زراعت میں ان کے قومی شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے رجسٹرڈ کیا جائے گا جو ان کا رجسٹریشن نمبر بھی ہوگا اور رجسٹرڈ کسانوں کی ڈیجیٹائزڈ فہرست جاری کرنے کیلئے نجی بنک کو بھیجی جائے گی۔ رجسٹرڈ کسانوں کو مطلع کیا جائے گا کہ وہ اپنی بائیو میٹرک تصدیق اور دیگر ضروری معلومات جمع کرانے کیلئے مقامی بنک سے رابطہ کریں ضروری تصدیق کے بعد تصدیق شدہ رجسٹرکسانوں کے نام پر نجی بنک کسان کارڈ پرنٹ کرے گا اور ان کے کسان کارڈ کو محکمہ زراعت توسیع کے متعلقہ ضلعی دفاتر کو بھیجے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں