ہندوستان میں شادی کرنے والے جوڑے کی 41 سال بعد جیکب آباد میں دعوت ولیمہ، بیٹوں، بیٹیوں، پوتے، پوتیوں اور نواسیوں کی شرکت، ایک بار پھر دولہا دلہن بنایا گیا

جیکب آباد(آئی این پی) ہندوستان سے شادی کرنے والے جوڑے کا 41سال بعدجیکب آباد میں دعوت ولیمہ، تقریب میں بیٹوں، بیٹیوں، پوتے، پوتیوں اور نواسیوں سمیت عزیز و اقارب و اہل محلہ کی شرکت،41سال قبل شادی کرنے والاجوڑے کو ایک بار پھر دولہا دلہن بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد شہر کے دستگیر کالونی محلہ سے تعلق رکھنے والے محمد مفید پٹھان نے 41سال قبل 1980ء میں پاکستان سے ہندوستان جاکراتر پردیش ریاست کے علاقے دہلی کے ضلع فروخ آباد کی تحصیل قائم گنج سے تعلق رکھنے والی اپنی کزن سے شادی کی،نکاح اور رخصتی کے بعد وہ اپنی دلہن کو لیکر پاکستان پہنچا لیکن ان کے ولیمے کی دعوت اس وقت نہیں ہوسکی تھی،

گذشتہ روز شادی کے 41سال بعد محمد مفید پٹھان کی دعوت ولیمہ کی تقریب جیکب آباد کے دستگیر کالونی محلہ میں منعقد کی گئی جس میں ان کے چار بیٹوں، چار بیٹیوں سمیت ان کے پوتوں، پوتیوں اور نواسیوں سمیت بڑی تعداد میں کراچی، حیدرآباد، سکھر سمیت دیگر علاقوں سے عزیز واقارب و اہل محلہ نے شرکت کی، دعوت ولیمہ کی تقریب کے دوران 41سال قبل شادی کرنے والے جوڑے کو دولہا اور دلہن کی طرح تیار کیا گیا، تقریب میں جوڑے کے پوتے پوتیوں اور بیٹوں سے ڈھول پر رقص بھی کیا اور جوڑے کو 7فٹ لمبا پیسوں کا ہار بھی پہنایا، اس موقع پر محمد مفید پٹھان کے بیٹے محمد رئیس پٹھان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے والدین کی شادی 41سال قبل ہندوستان میں ہوئی تھی لیکن ان کا ولیمہ نہیں ہوا تھا اس لیے ہم نے اپنے والدین کا ولیمے کا پروگرام رکھا کیوں کہ 41سال قبل جو رسم ادا نہیں ہوئی اب اس کو ادا کیا جائے

جو سنت رسول ﷺ بھی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے والد اور والدہ کو دولہا دلہن کی طرح تیار کیا اور ان کی خوشیوں میں شامل ہوئے، 41سال قبل شادی کرنے والے محمد مفید پٹھان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے خوشی کا موقع ہے میرے بچوں نے میرے ولیمے کا پروگرام رکھا اور ایک بار پھر مجھے دولہا بنایا، انہوں نے کہا کہ میرے لیے اس سے بڑی خوشی کیا ہوگی کہ میرے ولیمے میں میرے بیٹے، بیٹاں، پوتے، پوتیاں اور نواسیاں بھی شامل ہوئی، اپنی خوشی کا ذکر کرتے ہوئے محمد مفید پٹھان کی آنکھوں میں آنسو آگئے، ادھر اس انوکھی تقریب کے انعقاد پر محلے بھر میں خوشی کا سماء تھااور لوگوں نے محمد مفید پٹھان کو پھولوں کے ہار پہنا کر مبارکباد دیں۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close