پشاور(آ ئی این پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی دارالحکومت پشاور کے ٹاؤن ون اہلکاروں کی طرف سے دوکانداروں اور ریڑھی بانوں سے غیر قانونی وصولیوں سے متعلق میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں کاروائی عمل میں لاکر ٹاؤن ون کے تین اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے جبکہ مزید چار اہلکاروں کو بھی معطل کیا جائے گا۔
معطل ہونے والے اہلکاروں میں ڈیمالشنگ اسکواڈ کے انچارج قیصر باچا اور دو انکروچمنٹ انسپکٹرز مکمل شاہ اور عبداللہ شامل ہیں، جن پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کی آڑ میں دوکانداروں اور ریڑھی بانوں سے غیر قانونی وصولیوں کا الزام ہے۔ لوکل کونسل بورڈ نے مذکورہ اہلکاروں کے معطلی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے محکمہ بلدیات کے اعلیٰ حکام کو معاملے کی تحقیقات کرکے ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی تھی۔
اس سلسلے میں جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کو صوبائی حکومت کی گڈ گورننس اسٹریٹیجی کا اہم جز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر قسم کی غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا تاہم تجاوزات کے خلاف آپریشن کی آڑ میں کسی کو بھی دوکانداروں اور ریڑھی بانوں کو بے جا تنگ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اور اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانے والے سرکاری اہلکار حکومت کی بدنامی کا باعث ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں