پشاور(آ ئی این پی)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف گزشتہ پندرہ دنوں میں کارروائیوں کے دوران 64 افراد کو حراست میں لے کر موٹرسائیکلیں ٹرمینل میں بند کر دیں۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی سربراہی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نادرن بائی پاس پر گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران ہر جمعہ اور اتوار کو ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں کیں جس میں 64 نوجوانوں کو ون ویلنگ کرنے پر حراست میں لے کر موٹر سائیکلوں کو 523/550 میں ضبط کر کے ٹرمینل میں بند کر دیئے جبکہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ان کے والدین سے تحریری طور پر ضمانت لی گئی۔
چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ون ویلنگ سے گریز کیا جائے کیونکہ وقتی طور پر لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ون ویلنگ عمری معذوری اور جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہے انہوں نے کہا کہ اس خطرناک کھیل سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور لوگوں کے خوشیوں بھرے گھر ماتم میں تبدیل ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی اور ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین سے متعلق مہمات اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا مقصد شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر بنانا اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں