خیبر پختونخوابلدیاتی انتخابات، امیدواروں کی کامیابی کیلئے سیاسی جماعتوں نے کارنر میٹنگز کا آغاز کردیا

پشاور(آ ئی این پی)بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کی کامیابی کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں نے کارنر میٹنگز کا آغاز کردیاہے۔ اس سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء و سابق امیدوار پی کے 75 ارباب فاروق جان کی رہائشگاہ بیت النصر میں میٹرو پولیٹن پشاور کی حدود میں رہائش پذیر ان کے رشتہ داروں کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

جس میں کوٹلہ محسن خان سے ارباب مصور خان‘ ارباب شمال، ارباب مزمل، ارباب مصنف خان، ارباب سعید اللہ خان‘ ارباب شفیق جان‘ ارباب لائق جان‘ ارباب طارق جان‘ ارباب حاشر خان‘ لنڈی ارباب سے انٹرنیشنل لائسنس یافتہ جیروکوپٹر کے انسٹریکٹر پائلٹ کیپٹن قاضی اجمل‘ پائلٹ کیپٹن قاضی ارسلان خان‘ کیپٹن پائلٹ قاضی اسفندیار‘ ریحان آباد رنگ روڈ سے میاں عالمزیب خان‘ میاں جمشید خان‘ میاں یاسین‘ گاؤں ماشو خیل سے وحید خان‘ ارشد خان‘ ملک جواد خان‘ ملک سدیس خان، الحرم ٹاؤن حیات آباد سے فیاض خان‘ فراز خان‘ ماشو گگر بڈھ بیر سے عظمت خان‘ عمران خان‘ موسیٰ زئی سے بخت نواز خان‘ مولانا عارف اسد خان‘ حاجی شاہد خان‘ حاجی زاہد خان‘ زین خان، جعفر خان ایڈوکیٹ، سواتی پھاٹک سے فیصل ہمایون خان‘ گھڑی قمر دین سے محمد علی خان اور امتیاز خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ارباب فاروق جان کے رشتہ داروں نے میئر پشاور کیلئے جمعیت علمائے اسلام کی ٹکٹ پر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے سابق سینیٹر و معروف بزنس مین حاجی غلام علی کے فرزند اور ارباب فاروق جان کے دیرینہ دوست حاجی زبیر علی کو کامیاب کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرینگے اور حاجی زبیر علی کو میئر پشاور منتخب کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

ارباب فاروق جان نیاجلاس سے خطاب میں کہا کہ لوگوں کی نظریں جمعیت علمائے اسلام پر ہیں کیونکہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے عوام کو مایوسی‘ مہنگائی اور مسائل کے سواء کچھ نہیں دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران جماعت کے وزراء کی سنجیدگی کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ ٹی وی چینلز اور جلسوں میں دعوے کرتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں ایک غریب شخص نہیں ہے اور نہ ہی پورے صوبے میں کہیں پہ کچے مکان ہیں جس سے صوبے کے عوام کی دل آزاری ہوئی ہے اس پر حکومتی وزراء کو عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے اپوزیشن میں رہ کر حقیقی جمہوری کردار ادا کیا ہے جس کے باعث عوام جمعیت علمائے اسلام پر اعتماد کر رہی ہیں اور جماعت کا مورال مزید بلند ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار بھر پور کامیابی حاصل کرینگے اور حکومت کو منہ کی کھانی پڑے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close