بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں بچے کے گٹر میں گر جاں بحق ہونے کی تحقیقاتی رپورٹ تیار ہو گئی

کوئٹہ (آئی این پی) بولان میڈیکل کمپلیکس (بی ایم سی) ہسپتال کوئٹہ میں بچے کے گٹر میں گر جاں بحق ہونے کے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کردی گئی، رپورٹ میں ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسر (جنرل)، صفائی کا ذمہ دار عملہ بمعہ سپروائزر اور نجی سیکورٹی کمپنی انتظامی امور کی انجام دہی میں غفلت کے مرتکب قرار دیئے گئے،

رپورٹ میں ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسر کو فوری طور پر معطل کرنے اور ان کے خلاف بیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی، ہسپتال کے سیکورٹی نظام اور 56سی سی ٹی وی کیمرہ سسٹم کو جلد فعال، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو اچھی ٹیم دینے کے لئے عرصہ دراز سے تعینات سٹاف کو تبدیل کرنے، غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو معطل اور انہیں بیڈا ایکٹ 2011کے تحت 3دن کے اندر شوکاز نوٹس جاری کرنے سمیت دیگر سفارشات کی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کوئٹہ میں گٹر میں گر کر بچے کی ہلاکت سے متعلق وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر تحقیقات مکمل کرتے ہوئے انکوائری رپورٹ وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کردی ہے،

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ہسپتال انتظامیہ ایک ماہر ٹیم کے طور پر فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہی ہے اس لئے سفارش کی جاتی ہے کہ ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسر (جنرل) انتظامی امور کی انجام دہی میں مجرمانہ غفلت کے مرتکب پائے گئے اس لئے اسے فوری معطل اور انکے خلاف بیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے، اس کے علاوہ صفائی کا ذمہ دار عملہ اور ان کا سپروائزر سمیت نجی سیکورٹی کمپنی بھی غفلت کا مرتکب پائے گئے۔ تحقیقات رپورٹ میں متعلقہ عملہ بمعہ سپروائزنگ سٹاف کو بھی معطل اور ان کے خلاف کارروائی، سیکورٹی کمپنی کے سپروائزر اور دیگر متعلقہ عملے کو معطل کرنے، ہسپتال کے سیکورٹی نظام اور 56سی سی ٹی وی کیمرہ سسٹم کو جلد فعال کرنے، ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ایک اچھی ٹیم دینے کے لئے عرصہ دراز سے تعینات سٹاف کو تبدیل کرنے، واقعہ کے ذمہ دار قرار دیئے گئے اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرنے اور ان کے خلاف بیڈا ایکٹ 2011کے تحت 3دن میں شوکاز نوٹس جاری کرنے کی سفارشات کی گئی ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں ہسپتال انتظامیہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر کھلے گٹروں کو بند کرکے مریضوں اور تیمارداروں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ واضح رہے 16نومبر کو بی ایم سی ہسپتال میں بچے کی گٹر میں گر کر ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا جس کا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے نوٹس لے کر وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کے چیئرمین کو انکوائری کرکے 12گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close