صوابی پولیس نے دو گھنٹے کے اندر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا

صوابی(آئی این پی )اے این پی ضلع صوابی کے رہنما و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حاجی گل زمین شاہ کے بڑے بھائی کو زبانی تکرار پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، صوابی پولیس نے دو گھنٹے کے اندر اندر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا،عنایت شاہ سکنہ مانیری بالا نے تھانہ صوابی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ تقریباً ساڑھے گیارہ بجے اپنے والد 70سالہ ظاہر شاہ کے ہمراہ سودا سلف خریدنے کے لئے اکرام کے دوکان آئے اس دوران میں دوکان کے اندر چلا گیا جب کہ والد دوکان کے سامنے کرسی پر بیٹھ گئے

اس موقع پر جاوید انور عرف جانے ولد میر اصغر سکنہ مانیری بالا والد کے ساتھ باتیں کر رہا تھا اور میں دوکان میں سودا خریدنے میں مصروف تھا کہ اس دوران والد اور جاوید انور کے مابین وقتی تکرار شروع ہو کر شورپر جب میں نے والد کی طرف دیکھا تو اس دوران جاوید انور نے اپنی پستول نکال کر لوڈ کر کے والد پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں والد گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا اور ملزم وقوعہ سے فرار ہو گیا جب کہ میں بوجہ خالی ہاتھ کچھ نہ کر سکا۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او محمد شعیب خان نے فوری طور پر ایس ڈی پی او بشیر یوسفزئی اور ایس ایچ او عجب درانی پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر انہیں جلد ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک سونپ دیا

جس پر پولیس آفسران کی قیادت میں چھاپہ مار ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کر دی اور دو گھنٹے کے اندر اندر ملزم جاوید انور عرف جانے کو آلہ قتل پستول سمیت گرفتار کر لیا۔ صوابی پولیس نے مقتول کے بیٹے عنایت شاہ کی رپورٹ پر ملزم جاوید انور عرف جانے کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔مقتول کو جمعہ کی شام اپنے آبائی قبر ستان میں سپرد خاک کر دیا گیا جنازہ میں ہر مکاتب فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close