پشاور(آ ئی این پی)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ حکومت خواجہ سراں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھائیں۔ ہمارے معاشرے میں اکیسویں صدی میں بھی خواجہ سرا اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے تاکہ کوئی شہری اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس نہ کرے۔
صوبائی اسمبلی کے باہر خواجہ سراں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سردار حسین بابک نے کہا کہ خواجہ سراں پر تشدد کرنا، انہیں ڈرانا دھمکانا اور اغوا کرکے قتل کرنا معمول بن گیا ہے۔ حکومت اور انتظامیہ اس تمام صورتحال کا تماشہ کرنے کی بجائے خواجہ سراں کی احساس محرومی کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی انسانیت اور انسانی حقوق پر یقین رکھتی ہے اور ہر رنگ، نسل، مذہب اور جنس کے انسانوں کی آواز ہے۔
اے این پی خواجہ سراں کو یقین دلاتی ہے کہ انکے مسائل اور مشکلات کیلئے ہر فورم پر مدعی کی حیثیت سے آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر موجود پولیس ذمہ داران اور اہلکاروں سے بھی اپیل کی کہ انتظامیہ اور سیکیورٹی فورس خواجہ سراں کے رہائشی علاقوں میں انکے تحفظ اور باعزت زندگی گزارنے کیلئے اپنی آئینی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھائیں تاکہ ان سمیت عام عوام کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔ حکومت خواجہ سراں کو روزگار، چھوٹے موٹے کاروباروں اور ہنر کیلئے آسان شرائط پر قرضے فراہم کریں اور انہیں مواقع فراہم کرے تاکہ وہ بھی معاشرے میں عزت اور احترام کیساتھ اپنے لئے روزی روٹی کماسکے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ سرا اپنے آپ کو بالکل بھی غیر محفوظ اور اکیلا تصور نا کرے، خواجہ سراں کیساتھ ہونے والی زیادتیوں اور تشدد کے خلاف اے این پی ان کی وکالت کرے گی۔حکومت خواجہ سراں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھائے اور معاشرے میں باعزت زندگی گزارنے کیلئے ان کے تحفظ کو یقینی بناکر اپنی آئینی ذمہ داری اور فرض پورا کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں