دکی ، نیو سبزی وفروٹ منڈی کے دکانوں میں غبن اور فراڈ ہونے کا انکشاف

دکی (آئی این پی) نیو سبزی وفروٹ منڈی کے دکانوں میں غبن اور فراڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے اٹھارہ دکانیں دو دو افراد کو الاٹ ہونے پر ڈپٹی کمشنر عظیم کاکڑ نے سیکرٹری ایگریکلچر کو لیٹر لکھ دیا جس پر سیکرٹری ایگریکلچر اینڈ کوآپریٹو امید علی کھوکر کی جانب سے دو رکنی کمیٹی قائم کرلی گئی۔قائم کی گئی دو رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ بلوچستان عبدالوہاب کاکڑ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اڈٹ محمد اسلم درانی کی سربراہی میں دکی کا دورہ کیا۔

اس سلسلے میں کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس دکی میں منعقد ہوا جسمیں ڈپٹی کمشنر دکی عظیم کاکڑ مارکیٹ کمیٹی کے سیکرٹری عبدالحمید کاکڑ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔کمیٹی کے روبرو متاثرین بھی پیش ہوئے جنہوں نے کمیٹی کو اپنے بیانات قلمبند کرکے شواہد جمع کئے۔اسموقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ ڈائریکٹر واٹر منیجمنٹ بلوچستان عبدالوہاب کاکڑ نے بتایا کہ نیو فروٹ وسں بزی منڈی دکی میں تاحال دکانوں کے ڈبلنگ کے حوالے سے تاحال کل 18کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے قیام کا مقصد ہی یہی ہے کہ ہم تحقیقات کرکے حقائق معلوم کریں اور ذمہ داران کی نشاندہی کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ حقائق معلوم ہونے پر ہی متاثرین کی دادرسی کرکے ذمہ داران کے خلاف باقاعدہ طور پر کاروائی کی جائیگی انہوں نے کہا کہ نیو سبزی وفروٹ منڈی کے دکانوں کے حوالے سے ڈبلنگ اور غبن کے حوالے سے کسی کو شکایت ہوں تو وہ کمیٹی سے رجوع کریں۔انہوں نے کہا کہ جو کیسز تاحال رپورٹ ہوئے ہیں ان میں اس طرح کے کیسز شامل ہیں کہ دکان ایک شخص نے تعمیر کیا ہے جبکہ اسی دکان کے پیسے دوسرے شخص نے بھی جمع کئے ہیں یعنی کہ ایک دکان دو دو افراد کو الاٹ ہونے کی شکایت درج ہوئی ہیں۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close