لاہور(آئی این پی)انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈریسرچ پنجاب یونیورسٹی کے دوسرے کانووکیشن کا انعقادکیا گیا۔کانووکیشن میں وائس چانسلرپروفیسرنیازاحمدنے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانووکیشن میں ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹرعابدحسین، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، اساتذہ اور تعلیم مکمل کرنے والے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نیاز احمد اختر نے کہا کہ بچوں کی اکثریت تدریسی شعبے کو اپنانے جا رہی ہے۔ڈگری حاصل کرنے والے طلباء نئی نسل میں اعلی اخلاقی اقدار پیدا کریں، انہوں نے کہا کہ طلباء اپنی شخصیت کو بچوں کے لئے رول ماڈل بنائیں انہوں نے کہا کہ ملک کے تعلیمی مسائل حل کرنے میں آئی ای آر کے اساتذہ اور طلباء کا کردار اہم ہے گریجوایٹ ہونے والے طلباء نئی نسل کو تعلیم و مہارتوں سے آراستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات اب اپنے آنے والے طلباء و طالبات کے لئے رول ماڈل بنیں۔ اور اپنے آپ کو اپنے شعبے میں ہونے والی نت نئی تبدیلیوں سے آگاہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے ہر شعبے میں نامور افراد پیدا کئے۔
2022 کی رینکنگ میں پنجاب یونیورسٹی کو ایشیاء کی 145ویں بہترین جامعہ قرار دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ میں 16 فیصد ترقی ہوئی اورپنجاب یونیورسٹی کے 13 شعبہ جات پہلی مرتبہ بین الاقومی رینکنگ میں شامل ہوئے۔ کا نووکیشن سے خطاب کرتے ہونے ڈاکٹر رفاقت علی اکبر نے کہا کہ آئی ای آر میں پہلی مرتبہ پوسٹ ڈاک فیلوشپ کا آغاز کیا گیا۔آئی ای آر میں کرونا وائرس کے باوجود قومی و بین الاقوامی کانفرنسز کا انعقاد کیا گیاانہوں نے کہا کہ آئی ای آر ملکی سطح پر تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے تجاویز پیش کر رہا ہے۔
کانووکیشن میں ایم فل، بی ایس اور ماسٹرز کے 21 طلبا و طالبات کو میڈلز سے نوازا گیا۔کانووکیشن میں ماسٹرز اور بی ایس کے 504 طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔کانووکیشن میں پی ایچ ڈی کے دواور ایم فل کے 97 طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں