پشین (آئی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ضروری ابتدائی سہولیات کے فقدان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کو ہسپتال میں ہنگامی بنیادوں پر اسٹاف، ادویات اور دیگر سہولیات فراہمی کی ہدایت اور ہسپتال کو 25سے 50بیڈ کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان انہوں نے گزشتہ روز ڈی ایچ کیو پشین کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ راکین صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی، صوبائی اسمبلی سید عزیز اللہ آغا، اصغر ترین، مولوی کمال الدین ودیگر بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور اسپتال میں ضروری طبی سہولتوں کی عدم دستیابی پر اظہار برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کو ہسپتال میں ہنگامی بنیادوں پر اسٹاف ادویات اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ نے پشین ڈی ایچ کیو اسپتال کو 25بیڈ سے 50بیڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حکام کو فوری پی سی ون تیار کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ صرف معائینہ اور دورہ نہیں کرینگے عملی کام کرکے دکھائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے ڈی ایچ کیو پشین میں ڈاکٹروں، نرسنگ اور ٹیکنیکل سٹاف کی کمی فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت اور ہسپتال میں ٹیوب ویل کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ان کی جائے تعیناتی پر حاضر ہونا ہوگا اس سلسلے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ا نہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ٹرانسفر پوسٹنگ میں سیاسی مداخلت ختم کردیں گے اس سلسلے میں سیاسی جماعتیں ان کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو پشین نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو ہسپتال میں درپیش مشکلات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں