پشاور(آ ئی این پی)چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان یوسفزئی نے جہانزیب کالج کے لئے نیو کیمپس کا افتتاح کردیا، بلڈنگ میں ایف ایس سی مورننگ شفٹ کلاسز کا اجراء پیر سے ہوگا، نیو کیمپس کی تعمیر پر 26.82 ملین روپے لاگت آئی ہے چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا ہے کہ بہترین تعلیمی ماحول کے لئے تعلیمی ڈھانچے کو اپگریڈ کررہے ہیں،
پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں سکولوں کی تعمیر اور اپگریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ سوات ضلع کے کالجوں میں بھی سہولیات اپگریڈ کررہے ہیں، عرصہ دراز سے سوات میں تعلیمی ڈھانچے پر کوئی کام نہیں ہوا تھا، پہلی بار ہے کہ تعلیمی ڈھانچے کی بہتری کے لئے بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام شروع کئے گئے، سکول اور کالجوں کا جال بچھایا جارہا ہے، یونیورسٹیوں کی تعمیر بھی جاری ہے، سوات کی نئی نسل اور نوجوانوں کو ایک بہترین تعلیمی ماحول میسر آئے گا، چاہتے ہیں ضلع کا نوجوان ہر میدان میں آگے بڑھے اور ملک کا پرچم سربلند رکھے۔
ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان یوسفزئی نے تاریخی گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج کے لئے نیو کیمپس بلڈنگ کے افتتاح کے بعد طلباء اور اساتذہ سے خطاب میں کیا۔ طلباء کو خصوصی مخاطب کرکے ان کا کہنا تھا کہ طلباء جدید رجحانات کو اپنائیں اور ٹیکنالوجی سے اپنی قربت بڑھائیں، ان کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 کی وبائی صورتحال کے دوران تعلیمی ماحول پر بڑا فرق پڑا اور ساتھ ہی اس موقع نے ہمیں نئے رجحانات اور طور طریقوں سے روشناس کرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوات ضلع کے اندر ہی پرائمری سے لے کر پی ایچ ڈی ڈگری کے حصول اور تحقیق تک ایک بہترین تعلیمی ماحول مہیا کردیا گیا ہے۔
تقریب سے پرنسپل جہانزیب کالج وفا محمد، پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری ضلع سوات محمد زاہد باز خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر کالج کے طالب علموں نے نعت شریف پڑھیں اور ملی نغمے بھی پیش کئے۔ تقریب سے پہلے جہانزیب کالج کے ایف ایس سی کے طلباء کے لئے بنائے گئے نئے بلڈنگ کا افتتاح کیا گیا۔ نیو کیمپس بلڈنگ سات کلاس رومز اور ایک بڑے ہال پر شامل ہے۔ نیو کیمپس بلڈنگ 26.82 ملین روپے لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔اس سے پہلے بلڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے جہانزیب کالج نے ایف ایس سی کے طلباء کے لئے ایوننگ میں کلاسز کا اہتمام کر رکھا تھا۔ افتتاح کئے گئے نیو کیمپس میں کلاسز کا آغاز پیر سے مورننگ شفٹ میں ہوگا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں