اتحاد کی سیاست ختم، جماعت اسلامی آئندہ ہر ا لیکشن میں اپنے جھنڈے نشان اور منشور پر حصہ لے گی، پالیسی طے کر گئی

کراچی(آئی این پی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئندہ آنے والے ہر انتخابات میں اپنے جھنڈے نشان اور منشور پر حصہ لے گی۔ سندھ باب الاسلام ہے جو دعوت و عظیمت کی ایک مثال ہے۔سندھ میں راہ حق کے قافلے نے مقامی و بین الاقوامی اسٹیبلشمینٹ کی مزاحمت و مخالفت اور سازشوں کا ثابت قدمی کے ساتھ مقابلہ کیاہے۔ جس کی وجہ سے یہاں کی قیادت کو سخت آزمائش سے بھی گزرنا پڑا ہے۔

دعوت ہی ہماری پہلی و آخری ترجیح ہے۔ تحرک اسلامی کے ہر کارکن کو اپنی دعوت و تربیت کا مثالی نمونہ پیش کرناچاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں صوبائی مجلس شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، قیم کاشف سعید شیخ، نائب امراء، نائب قیمین ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سینئر صحافی فیض اللّہ خان کے والد قاری فرہاد خان، راؤ علیہم ودیگر مرحومین کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

امیر العظیم نے ذمے داران کو مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ہماری توجہ ہر حال میں دعوت پر ہونی چاہئے۔اپنے لٹریچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جو ہماری بنیاد ہے۔اس لٹریچر نے کئی نسلوں کے ایمان کو بچایا ہے۔ اس لٹریچر کے ذریعے جماعت اسلامی کی دعوت و پیغام کو ہر شہر و گوٹھ تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اب تنظیم کے دائرے سے نکل کر ایک تحریک کی شکل اختیار کررہی ہے،جماعت اسلامی کے شمولیتی جلسوں میں علماء،مشائخ اورمعاشرے کے موثرافراد کی شمولیت تبدیلی کی نوید ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں