سوات (آئی این پی) شمالی علاقہ جات کے کئی شہروں میں بارش اور برف باری کے بعد موسم سرد ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دیرشہرسمیت بالا ئی علاقوں میں رات گئے ہونے والی بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا، تھل، کمراٹ، لواری ٹنل اور جبہ براول میں 4 سے 6 انچ تک برف باری ہو ئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ دیر شہر میں اب تک 24 ملی میٹربارش جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
چترال شہر اور گردونواح میں بھی رات بھر بارش اور پہاڑوں سمیت بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔چترال کے بالائی علاقوں شندور،بروغل،کھوت،کالاش ویلی کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی صبح موسم صاف ہے تاہم دن ڈھلنے تک ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ ضلع سوات کے شہر مینگورہ میں بھی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ جمعہ کو بھی ان علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مانسہرہ کے سیاحتی مقامات سری پائے اور ناران میں بھی برف باری جاری ہے۔
ناران بازار میں اب تک 3 انچ سے زائد برف پڑچکی ہے۔ ناران میں موجود سیاح برفباری سے لطف اندوز ہورہے ہیں جبکہ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی سڑک سے برف صاف کرنے میں مصروف ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں