خاران، دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد زخمی، بعض کی حالت تشویشناک

کوئٹہ (آئی این پی)بلوچستان میں خاران کے علاقے چیف چوک میں دھماکے سے 13 افراد زخمی ہوگئے۔سکیورٹی حکام کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا جو موٹر سائکل میں نصب تھا، دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے امن وامان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اجلاس طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ نے امن و امان کی صورتحال پر اظہار تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس آج (بدھ) کوطلب کرلیا ہے جس میں چیف سیکرٹری ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ آئی جی پولیس ایف سی حکام اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے نمائندے شریک ہونگے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ کو متعلقہ ادارے امن وامان پر تفصیلی بریفنگ دینگے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کے سیکیورٹی پلان کا جائیزہ لیکر از سر نو مرتب کیا جائیگا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، امن و امان کے قیام میں کوء کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close