وانا سیاسی اتحاد کا ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان خالد اقبال کے ساتھ ملاقات، ملاقات میں علاقہ کے مسائل زیر بحث۔

وانا (قسمت اللہ وزیر ) وانا سیاسی اتحاد نے صدر آیاز وزیر کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان خالد اقبال سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی اتحاد نے علاقہ کے مختلف مسائل کی طرف توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی۔ سیاسی اتحاد نے افغانی کے مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان خالد اقبال کو

آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ افغانیوں کو پورے ملک میں افغان سیٹیزن کارڈ پر آزادی سے گھوم پھرنے کی اجازت ہے لیکن گرداوی چیک پوسٹ پر بلاوجہ ان کو تنگ کیا جارہا ہے اور ان کے لئے وزیرستان آنے میں مشکلات پیدا کی جارہی ہے۔ سیاسی اتحاد کے صدر اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما آیاز وزیر کا کہنا تھا کہ اگر اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو عوام احتجاج پر مجبور ہوگی۔ گزشتہ دنوں آنگورآڈہ میں احتجاج کے بعد گرفتار عوامی نیشنل پارٹی اور پشتون تحفظ مومنٹ کے کارکنوں کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے آیاز وزیر نے کہا کہ یہاں پر جس کے خلاف ایف آئی آر کاٹی جاتی ہے اس میں آرمی اور خفیہ اداروں کی ایماء پر دہشت گردی کے دفعات شامل کئے جاتے ہیں جو آگے چل کر مستقبل میں انتہائی نقصان دہ ثابت ہونگے لہذا آئندہ ایسے دفعات کو شامل کرنے سے پولیس کو روکا جائے۔ سیاسی اتحاد کے سینئیر نائب صدر تاج محمد وزیر نے ڈپٹی کمشنر آفس وانا منتقلی کے ساتھ ساتھ تمام دفاتر کو وانا منتقل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ قبائل خود انضمام کے حق میں تھے اور انضمام سے کافی توقعات وابستہ کئے ہوئے تھے لیکن جنوبی وزیرستان کے ضلعی دفاتر 120 کلومیٹر دور ضلع ٹانک میں ہونے سے لوگ مزید مشکلات سے دو چار ہیں۔ علاقہ کی عوام کا پرزور مطالبہ ہے کہ سول سیشن جج کو فورا وانا تعینات کیا جائے تاکہ عوام انضمام کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری اسداللہ نے تمام محکموں پر نظر رکھنے اور چیک اینڈ بیلنس یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ محکمہ ایجوکیشن اور محکمہ ہیلتھ کے ساتھ ساتھ باقی تمام محکموں پر کھڑی نظر رکھی جائے تاکہ کرپشن کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے اور علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما خیال محمد نے آمن وامان کے حوالے سے ڈی سی سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ وانا میں بہتری کی بجائے حالات روز بروز خراب ہوتے جارہے ہیں اگر بروقت اقدامات نہ اٹھائے گئے تو ایک بار پھر یہاں پر انارکی پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ملاقات میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما تاج وزیر کے علاوہ ظاہر شاہ اور سید آیاز بھی شریک تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں