ضلع باجوڑ کے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے سینکڑوں قیمتی درخت بوسیدہ قرار دے کر بیچ ڈالے، اہل علاقہ نے انکوئری کا مطالبہ کر دیا

خار باجوڑ(آفتاب احمد) محکمہ جنگلات ضلع باجوڑ کے اہلکاروں نے ٹینڈر کے بہانے لاکھوں مالیت کے درختوں کو اپنے ذاتی فائدے کیلئے بیچ ڈالا۔ قدیم اور بوسیدہ درختوں کا ٹینڈر کرنے کی آڑ میں اہلکاروں نے ہزاروں اضافی درختوں کو بے دردی سے چوری چھپے کاٹ کرقومی خزانے کو لاکھوں کا نقصان پہنچایا تو

دوسری طرف جنگلات کے فروغ کے برعکس قومی شاہراہ کو ویرانے میں بدل دیا۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ضلع باجوڑ میں محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام سڑکوں کے دونوں اطراف قدیم اور خطرناک قرار دینے والے والے درختوں کو ایک باقاعدہ طریقہ کار کے تحت کاٹنے کا فیصلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں سڑک کنارے کھڑے خطرناک قرار دئیے جانیوالے درختوں کو ہٹانے کے لئے اوپن ٹینڈر منظور کیا گیا۔ ٹینڈر کے بعد مطلوبہ درختوں کو جب کاٹنا شروع کیا گیا تو بجائے اس کے کہ خطرناک قرار دئیے جانیوالے درخت کاٹے جاتے، مقامی اہلکاروں نے مقررہ درختوں کی برعکس کئی گنا ایسے درختوں کو بھی کاٹ ڈالا جو کہ ٹینڈر شدہ درختوں میں سرے سے شامل نہیں تھے۔ محکمہ جنگلات کے ایک اہلکار نے اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر بتایا کہ اگر ٹینڈر میں ایک سو درخت شامتھے تو ملوث اہلکاروں نے ساز باز کر کے متعلقہ ٹھیکدار سمیت لکڑیوں کے کاروبار سے وابستہ تاجروں کی مدد سے دوگنا درخت کاٹ دیئے ہیں۔ اس گھناؤنے عمل سے جہاں علاقے کی سڑکوں کے حسن کو تہہ و تیغ کردیا گیا ہے تو دوسری طرف قومی شاہراہوں کے حسن کو ویرانے میں بدل دیا گیا ہے۔ ضلع بھر کے سیاسی و سماجی حلقوں نے محکمہ جنگلات کے اعلی حکام سے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔اس سلسلہ میں ضلع باجوڑ کے نوجوان طبقہ پر مشتمل یوتھ جرگہ نے دھمکی دی ہے کہ وہ اہلکار جنہوں نے قومی خزانہ کو لاکھوں مالیت کا نقصان پہنچایا ہے اور قومی شاہراہوں کے خوبصورتی کو خزاں میں بدل دیا ہے ۔ان کے خلاف جلد سے جلد کارروائی عمل میں نہ آئی تو آئندہ کے لئے لائحہ عمل طے کرکے باقاعدہ پریس کانفرنس کریں گے اور بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close