ضلع پشین کے اکثر باغات و فصلیں تباہ اور زراعت مکمل ختم ہوکر رہ گئی ہے صوبائی حکومت واٹس اپ پر چل رہی ہے، جے یو آئی کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس

پشین (محمد قسیم)ضلع پشین کے اکثر باغات و فصلیں تباہ اور زراعت مکمل ختم ہوکر رہ گئی ہےصوبائی حکومت واٹس اپ پر چل رہی ہے، جے یو آئی کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس۔جمیعت علماء اسلام کے رہنماء رکن قومی اسمبلی مولانا کمال الدین، رکن صوبائی اسمبلی عبدالواحد صدیقی، تحصیل امیر برشور مولانا محمد

شاہد اور ضلعی پریس سیکرٹری ملک بازمحمد کاکڑ نےکہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اپوزیشن کے حلقوں کو مکمل نظرانداز کرنے کی پالیسی اپناکر حالیہ ٹڈی دل کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔ پشین کی ضلعی انتظامیہ کرونا بیماری کی روک تھام کیلئے صرف نمود ونمائش تک محدود رہی۔ وہ پشین پریس کلب میں اپنی جماعت کے دیگر رہنماوں تحصیل امیر برشور مولانا محمد شاہد، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ملک بازمحمد کاکڑ، تحصیل امیر توبہ کاکڑی مولوی عبدالخالق، تحصیل جنرل سیکرٹری حاجی اصف بازئی اور دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ ضلع پشین میں ٹڈی دل ملخان نے علاقےکی زرعی فصلوں اور اجناس پر یلغار کرکے زمینداروں اور کاشت کاروں کو سخت کا نقصان پہنچایا ہے، ضلع پشین کے اکثر باغات و فصلیں تباہ اور زراعت مکمل ختم ہوکر رہ گئی ہیں، علاقے کی زراعت سے وابستہ زمینداروں کو کروڑوں کا نقصان ہوا ہے، لیکن صوبائی حکومت صرف واٹس اپ اور فیس بک پر چل رہی ہے، ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے موثر اقدامات اور جامع منصوبہ بندی نہ کرنے کے باعث کروڑوں کی تعداد میں ٹڈیوں نے ہزاروں ایکڑ پرکھڑی فصلات، زرعی اجناس، سبزیاں اور باغات پر حملہ کرکے فصلوں کو تباہ وبرباد کردیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے نیند کی گولیاں کھاکر علاقے کی زراعت کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے، ضلعی حکام کی اس مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے سبب تاحال حکومتی سطح پر کوئی اقدامات سامنے نہیں آئے ہیں، اور نہ حکومت کے ذمہ داروں کے کانوں جوں تک نہیں رینگتی، انہوں نے کہا کہ علاقے کے زمیندار اور زرعی کاشتکار پہلے ہی حالیہ طوفانی بارشوں ودیگر وجوہات کے باعث زرعی فصلات کی خراب ہونے اور پیداوار میں کمی کے باعث شدید اذیت میں مبتلا ہیں جبکہ ٹڈی دل نے بھی کوئی کسر نہ چھوڑی اور زرعی فصلات کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے تھا کہ ٹڈی دل کے تدراک کیلئے ابتدا ہی میں ٹھوس اقدامات اٹھاکر منصوبہ بندی کرتی، اور ضلعی انتظامیہ سے بازپرس کرتی لیکن تاحال اس سلسلے میں حکومتی سطح بھی کسی بھی اقدام کے آثار نظر نہی آرہےہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی طرف سے کوئی خاطر خواہ حکمت عملی اور زمینداروں کیلئے کوئی پیکج اور نہ ہی اسپرے کیا جارہاہے۔ علاقے کے زمینداروں کا سرکاری سطح پر کوئی پرسان حال نہیں۔ ضلعی انتظامیہ زمینداروں کو جھوٹی تسلی دیکر توجہ ہٹانے کیلئے محکمہ زراعت چند بوتل زہر اور کچھ ادویات دیکر اپنی جان چھڑانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی صوبائی حکومتیں تو خاطر خواہ حکمت عملی کررہے ہیں۔مگر بلوچستان حکومت صرف واٹس اپ اور فیس بک پر چل رہی ہے انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہی چاہئیے تھا کہ صوبائی حکومت بذریعہ جہاز اسپرے کرکے ٹڈی دل کو کنٹرول کرتے۔ اور سروے کرکے زمینداروں کو ریلیف دیتے۔لیکن صوبائی حکومت اپنی کارکردگی چھپانے کیلئے ایک جانب بلند و بانگ دعوے کرکے تھکتی نہیں دوسری جانب ہمارے زمیندار نان شبینہ کے محتاج ہوکر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے عوام کا جینا حرام کیا ہے دوسری جانب ٹڈی دل نے کورونا سے زیادہ عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close