مظفرآباد (آئی اے اعوان) وادی نیلم میں تین روز تک جاری رہنے والی پندرہویں یکجہتی کشمیر سنوکراس جیپ ریلی مظلوم کشمیریوں سے عملی یکجہتی کے اظہار،عوام علاقہ اور ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کی تفریح کاذریعہ بن گئی ۔
مظفرآباد جیپ کلب کے زیر اہتمام منعقدہ یکجہتی کشمیر سنوکراس جیپ ریلی کے شرکاء اور سیاحوں نے وادی نیلم کے تاریخ اور خوبصورت سیاحتی مقام شاردہ میں کئی فٹ برف پر کھڑے ہوکر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم کا شکار کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے ہاتھوں کی علامتی زنجیر بناکر انوکھا انداز اپنایا ۔
جیپ ریلی میں شریک پاکستان کے مختلف شہروں کراچی،اسلام آباد،پشاور،ابیٹ آباد،لاہور،سیالکوٹ،فیصل آباد سمیت آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور باغ سے تعلق والے جوانوں اور سیاحوں نے بھرپور طریقے سے آزادی اور حق خودارادیت کیلئے قربانیاں دینے والے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کے بھارت سے آزادی کی جدوجہد میں مصروف عمل کشمیریوں کو یہ پیغام دیا گیا کہ وہ اپنے آپکو تنہانہ سمجھیں بلکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا ہر بوڑھا،بچہ خاتون اور نوجوان ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔
یکجہتی کشمیر سنوکراس جیپ ریلی میں شرکت کیلئے اپنے والد محترم راجہ سعید کے ہمراہ فرانس سے سفر کرکے آنے والی کشمیر کی بیٹی مانو راجہ نے برف پر جیپ چلانے کا مظاہرہ کرکے بھارتی درندگی کا نشانہ بننے والے کشمیری بزرگوں،نوجوانوں،بچوں اور خواتین سے یکجہتی کامنفرد طریقے سے اظہار کیا۔جیپ ریلی کے شرکاء نے کئی فٹ اونچی برف پر گاڑیاں دوڑانے،برف میں پھنسی گاڑیوں کو ریسکیو کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ڈرائیونگ کی مہارتوں کا ایسا مظاہرہ کیا کہ دیکھنے والے دھنگ رہ گئے ۔
علاقہ مکینوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے آنے والے سیاح خوب محظوظ ہونے کے ساتھ ساتھ یاد گار لمحات کو اپنے موبائل اور کیمروں میں محفوظ کرتے رہے جیپ ریلی کے منتظمین سرپرست فہد مصطفیٰ اور صدر ایم جے سی نذیر مغل کا کہنا تھاکہ مظفرآباد جیپ کلب سال سے آزاد کشمیر میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کیلئے موسم گرما اور موسم سرما میں جیپ ریلی کے ذریعے صحت مند سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اس مرتبہ پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے پندرہویں سنوکراس جیپ ریلی کو یکجہتی کشمیر ریلی کا نام دیاہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے یکجہتی کا عملی اظہار کرناہے آج کے اس یاد گار دن کے موقع پر جیپ ریلی کے شرکاء نےاپنے پیارے دوست اور مظفرآباد جیپ کلب کے بانی ممبر ظہور ہاشمی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا جو مظفرآباد جیپ کلب کی صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے میں پیش پیش رہتے تھے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں