وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے وہ ایک طرف کشمیری عوام کی فلاح و بہبود کیلیے سرگرم عمل ہیں جبکہ دوسری جانب کفایت شعاری کے ذریعے قومی خزانے کی بچت کو اپنا معمول بنا رکھا ہے۔جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں صحافیوں کے ایک گروپ سے باتیں کرتے ہوے وزیراعظم نے کہا کہ پہلے تین ماہ میں انہوں نے مسلم لیگ ن کی حکومت کے آخری تین ماہ کے اخراجات جو دو کروڑ سے زائد تھے کے مقابلے میں صرف ترانوے لاکھ روپے خرچ کئے۔وزیراعظم نے اپنے دورہ کراچی کے دوران بھی اپنی اس روایت کو برقرار رکھا اور انتہائی کم سٹاف کے ساتھ دورہ کیا جسے کشمیری کمیونٹی نے ازحد سراہا ہے۔
وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا کراچی پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا اپنے پہلے دورہ کراچی کے دوران مزار قائد پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی،دورہ کراچی کے دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل،وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ،ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی محترمہ ریحانہ لغاری اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے علاوہ سینئر سفارتکار حسین ہارون سے ملاقاتیں کیں اور کشمیری کمیونٹی سے خطاب بھی کیا۔وزیراعظم سندھ اسمبلی بھی گئے جہاں انہوں نے تاریخی سندھ اسمبلی کے کئی حصے دیکھے۔
میڈیا نے وزیراعظم کے دورے کو خاص کوریج دی جس سے ان کی مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کے دوران وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے محسن ہیں۔عمران خان نے ہر بین الاقوامی فورم پر مقدمہ کشمیر کو جاندار انداز میں پیش کیا۔
مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر عالمی برادری کی بے حسی پر افسوس ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج نہتے شہریوں کا قتل عام کر رہی ہے۔جعلی مقابلے، تشدد، نام نہاد محاصرے اور تلاشی آپریشن نے کشمیری عوام کا عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بدنام زمانہ ایجنسی این آئی اے نام نہاد چھاپوں کے دوران نوجوانوں کو غائب کر رہی ہے جنہیں بعد میں لاپتہ قرار دے دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی فسطائی حکومت ملٹری وار فیر اور نوآبادیاتی پالیسی کے تحت مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری طور پر اپنا کردار ادا کریں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں کسی بڑے انسانی المیے سے بچا جا سکے۔اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ آپ کی قیادت میں آزادکشمیر عمران خان کے ویژن کے مطابق ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کریگا۔
وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور تحریک آزادی کشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کشمیر کمیونٹی سنٹر، سندھ میں میڈیکل کالجز و دیگر تعلیمی اداروں میں کشمیریوں کیلئے مختص سیٹوں کے مسائل سے بھی وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا اور کہا کہ کمیونٹی سنٹر کشمیر کی پہچان ہے، یہ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے واپس دلوایا جائے،
وزیر اعلیٰ سندھ نے فوری طور پر متعلقہ حکام سے کمیونٹی سنٹر کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے سندھ میں مقیم کشمیری مہاجرین کے مسائل سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا جس پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے مزار قائد پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کرتے ہوے وزیراعظم نے لکھا کہ حضرت قائداعظم محمد علی جناح مسلمانوں کے عظیم رہنمائ،اولوالعزم شخصیت اور اصول پسند قائد تھے جن کی دلیرانہ قیادت میں قیام پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے کا بے مثال جملہ کہہ کر بانی پاکستان نے پاکستان و کشمیر کو ایک لڑی میں پرو دیا۔”یوں دی ہمیں آزادی کہ دنیا ہوئی حیران، اے قائداعظم تیرا احسان ہے احسان۔
آج بحیثیت وزیراعظم آزاد کشمیر قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضر ہوا تو دل میں یہی خیال تھا کہ جناح آپ صحیح تھے، تاریخ آپ کو بارہادرست ثابت کررہی ہے، آج ہندوستان میں مسلمانوں کا جو حال ہے اس کا اندیشہ آپ کو آج سے اسی نوے سال پہلے ہی ہوگیا تھا اور آپ نے عمر کے آخری حصے میں جی توڑ محنت کرکے ہمارے لیے آزاد وطن حاصل کیا. ان شاء اللہ مقبوضہ کشمیر بھی جلد آزاد فضاء میں سانس لے گا.”شکریہ قائداعظم۔سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ،ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری ریاض احمد اور تحریک انصاف کے رکن اسمبلی راجہ اظہر بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک،علاقے،خطے اور کمیونٹی کو آگے بڑھانے،ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا ایک ہی قائداعظم اصول ہے اور وہ ہے کام،کام اور بس کام۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کی انتہائی ڈسپلن لائف سے ہمارے لئے جو سبق ہیں وہ محنت،کام سے لگن،ملک کیلیے اور اپنی قوم کیلیے کچھ کرنیکا جذبہ اور معاشرے کے پسماندہ طبقوں کو اوپر اٹھانے کیلیے تگ و دو کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی روشنی میں قائداعظم محمد علی جناح کے رہنماء اصول اپنا کر بہترین معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔وزیر اعظم نے مسلمانان برصغیر کے لئے بانی پاکستان کی غیر معمولی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ مسلمانان ہند کیلیے الگ مملکت کا قیام وہ کارنامہ ہے جس کی دنیا میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔
انہوں نے قائداعظم کی کشمیریوں سے محبت کا ذکر کرتے ہوے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ کا تصور دیکر انہوں نیپاکستان اور کشمیر کیباسیوں کو ایک اٹوٹ تعلق میں باندھ دیا تھا۔دریں اثناء وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے سندھ اسمبلی کا دورہ کیا۔سندھ اسمبلی پہنچنے پر ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی محترمہ ریحانہ لغاری اور سیکرٹری اسمبلی جی ایم عمر فاروق نے انہیں خوش آمدید کہا۔سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وزیراعظم آزاد کشمیر کی ڈپٹی اسپیکر چیمبر میں ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری سے ملاقات کی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے تاریخی اولڈ سندھ اسمبلی بلڈنگ کا دورہ کیا۔انہوں نے سندھ اسمبلی کی نئی بلڈنگ کا بھی دورہ کیا۔اسمبلی انتظامیہ کی جانب سے تاریخی اسمبلی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے کراچی میں مقیم کشمیری کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے 500 ارب کے پیکج سے علاقے میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا ہو گا۔عمران خان کی جنگ مافیا سے ہے مجھے یقین ہے عمران خان نے جس طرح ہر مشکل صورتحال کا مقابلہ کیا وہ مافیاز کو شکست دیکر پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنائے گا۔
مہاجرین مقیم پاکستان کے مسائل سے آگاہ ہوں ان کو تمام ضروری سہولتیں ملیں گی۔کشمیری کمیونٹی انتہائی فعال ہے کراچی سمیت پاکستان بھر میں ترقی میں اپنا جاندار کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام اور پاکستان میں مقیم مہاجرین کشمیر نے 25 جولائی کے انتخابات میں عمران خان کے ویژن کو ووٹ دیا اور تحریک انصاف کے ارکان کو بھاری اکثریت سے منتخب کیا۔انہوں نے کہا ہم نے کئی اصلاحات لانی ہیں آغاز کر دیا گیا ہے عوام کو اسکا اصل حق حکمرانی دیں گے۔وزیراعظم نے کہا انشائاللہ مئی میں بلدیاتی انتخابات کروانے جا رہے ہیں اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی کے ذریعے عوام کے حقیقی نمائندوں کو اوپر لائیں گے اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کریں گے۔انہوں نے کہا اقتدار عوام کی امانت ہوتی ہے اسے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بروئے کار لانا چاہیے یہی جمہوریت کا مقصد ہے۔انہوں نے کہا میرا کراچی کا پہلا دورہ ہے اس میں آپ سے انٹرکشن کا موقع ملا آئندہ بھی کراچی آتا رہونگا۔
انہوں نے کہا مہاجرین مقیم پاکستان اور کشمیری کمیونٹی انتہائی فعال ہیں فیصلہ سازی میں آپ کی رائے کو اہمیت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ انشائاللہ عوام جلد حقیقی تبدیلی دیکھیں گے انہیں واضح فرق نظر آئے گا عمران خان کے نظریے کو پروان چڑھائیں گے جو عوام کی خدمت ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں