راولپنڈی میں بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان کے نوجوان انتہائی باشعور ہیں، وہ ریاست کی اہمیت کا مکمل ادراک رکھتے ہیں اور آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر ہیں۔
بریفنگ کے دوران اے آر وائی نیوز کے نمائندہ صحافی حسن ایوب نے سوال اٹھایا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان کے مطابق تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھنا ہوگا کیونکہ نظام مشکلات کا شکار ہے، تو کیا اس بیان سے نوجوانوں میں مایوسی اور ان کی امیدوں کو دھچکا نہیں پہنچے گا؟ اس پر جواب دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان مایوس بالکل نہیں ہے بلکہ وہ پُرامید اور ملک کے بہتر مستقبل کے لیے مکمل پُرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسکولوں، کالجوں اور مختلف فورمز پر نوجوانوں سے مسلسل ملاقاتوں کے تجربے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آج کی نوجوان نسل کو عالمی حالات اور ریاست کی اہمیت کا پہلے سے کہیں زیادہ ادراک ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں میں پاکستان سے محبت، ریاست پر اعتماد اور ترقی کی خواہش بہت مضبوط ہے کیونکہ ان کی پوری زندگی ان کے سامنے پڑی ہے۔
جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں تبدیلی اور اصلاحات پر بات ہو رہی ہے تو اسے مایوسی کے بجائے ایک مثبت عمل کے طور پر دیکھا جانا چاہیے اور یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ “دیر آید، درست آید” کیونکہ نوجوان خود بھی بہتری چاہتے ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے مزید زور دیا کہ ملک میں کسی بھی تبدیلی کا راستہ آئین، قانون اور عوام کی رائے کے مطابق ہونا چاہیے اور چونکہ نوجوان ہی پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر ہیں، اس لیے یہی طبقہ عوامی خواہشات کی حقیقی ترجمانی کرتا ہے۔





