پولیس ہائی الرٹ، سیکیورٹی سخت

لاہور (20 مارچ 2026): انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

لاہور سمیت تمام اضلاع میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مارکیٹوں، شاپنگ سینٹرز اور دیگر حساس مقامات کی حفاظت کے لیے 17 ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، جبکہ صرف لاہور میں چاند رات کے دوران 5 ہزار افسران اور اہلکار تعینات ہوں گے۔ عید الفطر کے اجتماعات کے پیش نظر پنجاب بھر میں ہونے والے تقریباً 29 ہزار اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 47 ہزار اہلکار مامور کیے گئے ہیں، جن میں سے 10 ہزار اہلکار صرف لاہور میں ڈیوٹی دیں گے۔

آئی جی پنجاب نے بین الصوبائی سرحدوں اور دریائی چیک پوسٹوں پر تعینات عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کو مؤثر گشت یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد ہوگی، جبکہ خواتین اور فیملیز کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close