رمضان المبارک اپنے آخری عشرے میں داخل ہو چکا ہے اور شوال کی آمد قریب ہے۔ اس سلسلے میں سپارکو (پاکستان خلائی و بالائی فضائی تحقیقی کمیشن) نے شوال کے چاند سے متعلق فلکیاتی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
سپارکو کے مطابق شوال 1447 ہجری کا چاند 19 مارچ 2026ء کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہو گا۔ 19 مارچ کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہو گی۔ ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریباً 28 منٹ کا فرق متوقع ہے۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ 19 مارچ کی شام شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، جس کے باعث متوقع طور پر یکم شوال 1447 ہجری ہفتہ 21 مارچ 2026ء کو ہو گی۔ تاہم ادارے نے واضح کیا ہے کہ شوال کے چاند کی حتمی رویت کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس 19 مارچ کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ یہ اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں ہو گا جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ عید الفطر کے حوالے سے حتمی فیصلہ 19 مارچ کے اجلاس میں شہادتوں کی جانچ پڑتال کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ خلیجی ممالک میں فلکیاتی مراکز نے بھی شوال کے چاند سے متعلق پیشگوئی کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فلکیاتی حساب کتاب کے مطابق بدھ 18 مارچ (29 رمضان) کی شام کو شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






