نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیٹ میٹرنگ پر نئے ضوابط کا مسودہ جاری کیا ہے، جس میں شمسی توانائی صارفین کے لیے پالیسی میں نمایاں تبدیلیاں تجویز کی گئی ہیں۔
مسودے کے مطابق نیٹ میٹرڈ سولر صارفین کے معاہدوں کی مدت سات سال سے کم ہو کر پانچ سال ہو جائے گی، اور انہیں اصل منظور شدہ بجلی کی ضرورت سے زیادہ صلاحیت کا نظام نصب کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مثلاً دس کلوواٹ کا صارف صرف دس کلوواٹ تک کا سولر سسٹم لگا سکے گا۔
نیپرا کی تجویز کے مطابق نیٹ میٹرنگ صارفین کو اب فی یونٹ ادائیگی کی شرح آدھی کر دی جائے گی، یعنی 26 روپے کی بجائے 13 روپے فی یونٹ دیا جائے گا۔
نیپرا نے 2015 کے موجودہ نیٹ میٹرنگ ضوابط کو منسوخ کرنے سے پہلے اس نئے مسودے پر 30 دن کے اندر تجاویز طلب کی ہیں۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک میں نیٹ میٹرڈ شمسی صلاحیت 6,000 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق ان تجاویز سے شمسی توانائی کی صلاحیت میں 50 فیصد تک کمی واقع ہو سکتی ہے، اور یہ اقدام بجلی کی مہنگی یوٹیلیٹی کمپنیوں کے تحفظ کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






