وفاقی حکومت نے نیٹ میٹرنگ نظام کو مرحلہ وار ختم کر کے اس کی جگہ نیٹ بلنگ نظام لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اس سلسلے میں تیاریاں شروع کر دی ہیں اور صارفین کے لیے نئے نظام کی تفصیلات ترتیب دی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق موجودہ نیٹ میٹرنگ کے تحت سولر صارفین اپنی اضافی بجلی گرڈ میں دیتے تھے اور اس کے عوض نرخ پر ایڈجسٹمنٹ حاصل کرتے تھے، تاہم حکومت کا موقف ہے کہ اس سے بجلی کے شعبے پر مالی دباؤ بڑھ رہا ہے۔
نیپرا نئے نیٹ بلنگ نظام کے بارے میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گا، جس کے بعد حتمی ضوابط کا اعلان کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ یہ نظام نئے سولر صارفین پر لاگو ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے گھریلو اور تجارتی سطح پر سولر توانائی کے رجحان میں کمی آسکتی ہے اور سولر انڈسٹری کو دھچکا لگ سکتا ہے۔ دوسری طرف حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ نیٹ بلنگ سے بجلی کے نرخوں میں استحکام اور قومی گرڈ پر دباؤ کم ہوگا۔
ذرائع کے مطابق نیٹ بلنگ نظام کی حتمی منظوری کے بعد اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جس کے بعد عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






