وفاقی وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک کا دورہ کویت اعلی کویتی حکام سے ملاقاتیں، معروف کاروباری شخصیت شمشاد خان تنولی کی طرف سے دئیے گئے عشائیے میں شرکت۔ کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے اثرات سے بچنے کیلئے امپورٹ کے بجائے مقامی ایندھن پر انحصار بڑھانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ پاکستان میں تیل کے ذخائر کی تلاش کیلئے کویت فارن پٹرولیم ایکسپلوریشن کمپنی دو دہائیوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکی ہے۔ترکی اور آذربائیجان کی کمپنیاں بھی اسی مقصد کیلئے پاکستان میں اپنے دفاتر کھول رہی ہیں۔ بیس سال بعد اب سمندر میں تیل کے ذخائر کی تلاش کیلئے ڈرلنگ کرنے جارہے ہیں۔
کویت کے آئیکونک ٹاور میں منعقدہ عشائیے میں مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دینے والی پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پٹرولیم لیوی بڑھانے کا فیصلہ کابینہ کی منظوری سے مشروط ہے۔ گردشی قرضوں کی صورت میں اٹھارہ سو ارب روپے کا نقصان کر چکے ہیں۔ لیوی بڑھانے کی تجویز کے پیچھے یہی سوچ کارفرما ہے کہ اس طریقے سے وسائل اکٹھے کرکے ان نقصانات کو پورا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پائیداری صرف معیشت کو ٹھیک کرنے سے ہی آئے گی ورنہ وہی کچھ ہوتا رہے گا جو ماضی میں ہوا۔ مئی 2025کے واقعے کے بعد سعودی عرب اور کویت سمیت دیگر دوست ملک جو ہماری مدد کرنا چاہتے ہیں وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ اب ستر اسی سال بعد آپ خود بھی کچھ بہتری لائیں۔ کویت کے وزیر پٹرولیم نے جس طرح خوش آمدید کہا اور دورے کی دعوت دی اس سے واضح ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ اب تک پی ایس او کے زریعے تقریباً نوے ارب ڈالر کا ڈیزل ہم کویت سے خرید چکے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ اس پچاس سال کاروباری شراکت کو سیلیبریٹ کیا جائے۔ اس مقصد کیلئے کویت کے وزیرپٹرولیم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے جو کہ انہوں نے قبول کرلی۔کویتی حکام سے ملاقاتوں میں پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے مواقعوں کی بہتری کیلئے گفتگو ہوئی، اسی مہینے وزیر برائے اوورسیز کا بھی دوری کویت شیڈول ہے ۔ کویتی وزراء اور اہلکاروں اور پاکستانی کمیونٹی نے جو عزت دی اس کیلئے شکر گزار ہوں۔ تقریب کے اختتام پر شرکا نے کویت میں پاکستانی سرمایہ کاری لانے اور کمیونٹی کی بہتری کیلئے تجاویز بھی پیش کیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






