چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا بڑا اعلان

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کانفرنس سے خطاب میں انکشاف کیا کہ عدالتی نظام میں تاریخ ساز تبدیلیوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں پہلی بار اندرونی آڈٹ کرایا گیا ہے جبکہ مقدمات کو جلد نمٹانے اور شفافیت لانے کے لیے ٹیکنالوجی کو مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل کیس فائلنگ، کیس ٹریکنگ سسٹم اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال جلد شروع ہوگا، 61 ہزار فائلیں ڈیجیٹلی اسکین کرنے کا منصوبہ 6 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یکم اکتوبر سے فیسیلیٹیشن سینٹر فعال ہوگا جو شہریوں کو تمام عدالتی معلومات فراہم کرے گا۔ چیف جسٹس نے بتایا کہ سپریم کورٹ رولز میں ججز کی چھٹیوں، سیکیورٹی اور پروٹوکول میں بھی اصلاحات کی گئی ہیں، حتیٰ کہ اپنی سیکیورٹی گاڑیاں بھی 9 سے کم کر کے صرف 2 کر دی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام میں شفافیت، ای سروسز اور ٹیکنالوجی کا استعمال انصاف کی فراہمی کو تیز اور مؤثر بنائے گا، تاکہ مقدمات برسوں نہیں بلکہ مہینوں میں نمٹ سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close