نریندر مودی کو پاکستان اور افواج خواب میں بھی نظر آتے ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نہ تو نیوکلیئر بلیک میلنگ کرتا ہے اور نہ ہی اس پر یقین رکھتا ہے، ہمارے جوہری اثاثے صرف ملکی دفاع کے لیے ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت ہمارے دفاع کی ضمانت ہے، ہم کسی کو بلیک میل نہیں کرتے۔ نریندر مودی کو اب خواب میں بھی پاکستان اور پاکستانی افواج نظر آتی ہیں، ان کے لیے پاکستان سے جنگ ایک ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، وہ محض اپنے ووٹرز کو مطمئن کرنے کے لیے ایسے بیانات دیتے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنے دفاع میں جنگ لڑی اور جیتی ہے، نریندر مودی کے لیے اصل جنگ بھارت کے اندر ہے جہاں ان کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ بھارتی عوام اور اپوزیشن جماعتیں خود کہہ رہی ہیں کہ مودی کے رویے کی وجہ سے حالات جنگ تک پہنچے۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی اپنے بیانات کے ذریعے اندرونی سیاسی بحران پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آج سے کچھ عرصہ پہلے بھارت کا عالمی سطح پر ایک مقام تھا مگر مودی کی پالیسیوں نے وہ مقام کھو دیا۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بھارت کی ناکامیاں اپوزیشن کے لیے سیاسی موقع ہیں۔ دہشتگردی کی پشت پناہی پر بھارت کو عالمی سطح پر بھی ناکامی ہوئی ہے۔ کینیڈا اور پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں مودی کا کردار رہا ہے، ان کے چہرے پر دہشتگردی کا دھبہ واضح ہے۔ پاکستان کے پاس بھارتی پراکسیز کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں جنہیں عالمی فورمز پر بھی پیش کیا گیا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اگر اچھے ہمسایوں کی طرح تعلقات رکھے جائیں تو برصغیر میں امن اور معاشی ترقی ممکن ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close