وفاق کےمیگاپراجیکٹ میں عوام کاڈیٹا پبلک ہونے کاانکشاف

لاہور: وفاقی میگا پراجیکٹ “اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” میں صارفین کا ذاتی ڈیٹا پبلک ہونے کا انکشاف، لیسکو نے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں بجلی کے صارفین کا ذاتی ڈیٹا افشا ہونے کے متعدد کیسز سامنے آئے ہیں، جس پر کمپنی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران اور ملازمین کے خلاف ای اینڈ ڈی رولز کے تحت سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ افشا ہونے والے ڈیٹا میں صارفین کے نام، قومی شناختی کارڈ نمبر اور موبائل نمبرز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ صارفین نے اپنی تصاویر کے ساتھ بھی ڈیٹا اپ لوڈ کیا تھا، جو غلط طریقے سے پبلک ہو گیا۔

لیسکو نے ایسے تمام صارفین کو غلط یا غیر ضروری معلومات اپ لوڈ کرنے سے روکنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی حکومت نے “اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” کے نام سے ایک میگا پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد صارفین کو اپنے بجلی کے میٹر کی ریڈنگ خود سافٹ ویئر پر اپ لوڈ کرنے کی سہولت دینا ہے۔ ریڈنگ جمع کرانے کے بعد لیسکو کی جانب سے بل جاری کیا جاتا ہے۔

ڈیٹا لیک کے اس واقعے نے صارفین کی پرائیویسی اور سیکیورٹی سے متعلق خدشات کو جنم دیا ہے، اور اب اس حوالے سے لیسکو نے مؤثر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close