اسلام آباد: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات پیش آئے جن میں مزید دو بچوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق یہ دونوں ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ڈوبنے کے واقعات کے دوران ہوئیں۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث ملک بھر میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 291 ہوگئی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد 698 تک پہنچ گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق:
پنجاب میں 158 افراد جاں بحق اور 556 زخمی
خیبرپختونخوا میں 66 جاں بحق اور 81 زخمی
سندھ میں 28 جاں بحق اور 40 زخمی
بلوچستان میں 20 جاں بحق اور 4 زخمی
گلگت بلتستان میں 9 جاں بحق اور 4 زخمی
آزاد کشمیر میں 2 جاں بحق اور 10 زخمی
اسلام آباد میں 8 جاں بحق اور 3 زخمی
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 102 مرد، 51 خواتین اور 138 بچے شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 263 مرد، 199 خواتین اور 236 بچے شامل ہیں۔ مزید یہ کہ بارشوں سے 1584 مکانات کو نقصان پہنچا اور 376 مویشی ہلاک ہوچکے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں