شیر افضل مروت نے سلمان اکرم راجا کو مناظرے کا چیلنج کردیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کو مناظرے کا چیلنج کردیا۔

سماء کے پروگرام ’ ریڈ لائن ود طلعت ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجا اسی پروگرام میں شواہد لے کر آجائیں اور اگر مجھ پر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی ثابت کر دیں تو ہر سزا بھگتنے کے لیے تیار ہوں لیکن اگر وہ ثابت نہ کر سکے تو انہیں مجھ سے اعلانیہ معافی مانگنا ہوگی ۔شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجا اپنی مرضی کے اینکر کے سامنے بھی مناظرہ کر سکتے ہیں، وہ اپنی سیٹ کا تحفظ نہیں کرسکے، مجھے بھی فارم 47 کے ذریعے ہرانے کی کوشش کی گئی، انہوں نے پنجاب میں کبھی جلسہ نہیں کیا اور نہ ہی کبھی جیل گئے، وہ پیراشوٹ سے آکر سیکرٹری جنرل بن گئے ہیں حالانکہ پارٹی آئین کے مطابق منتخب شخص سیکرٹری جنرل بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجا نے مجھ پر الزام لگایا کہ میں نے انہیں گالی دی ، میں خواب میں بھی انہیں گالی نہیں دے سکتا ، انہوں نے میرے بارے میں جو زبان استعمال کی میں نےاس سے کم جواب دیا ، میں نے نا ان کو کبھی ایجنٹ کہا اور نہ میں انہیں ایجنٹ سمجھتا ہوں ، نواز شریف کے معاملے پر میں نے کہا جن چیزوں پر نکالا جا سکتا تھا اس پر نہیں نکالا گیا اور سلمان اکرم راجا نے نوازشریف سے متعلق میرے مؤقف کی تائید کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس شواہد ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ غداری ہو رہی ہے اور ان کی رہائی کو صرف نعرے بازی کی حد تک رکھا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close