پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک بانی چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی کارکنان کو رہا نہیں کیا جاتا، ہمارے ارکان کو استعفے دینے کے لیے دھمکیاں دینے کا سلسلہ بند نہیں کیا جاتا، اس وقت تک ہم کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

روز نامہ “امت” کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید میر غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا ،اجلاس شروع ہوتے ہی کورم کی نشاندہی کی گئی۔پی ٹی آئی کے رکن اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کی اورکورم مکمل نہ ہونے پر ڈپٹی سپیکر نے 15 منٹ کے لئے وقفہ کر دیا۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے وزراء کی ایوان زیریں میں عدم موجودگی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ اجلاس میں صرف ایک وزیرمملکت اور ایک وفاقی موجود ہیں، باقی وزراء کہاں ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے علاوہ دیگر اپوزیشن جماعتوں نے سیاسی مطالبات تسلیم نہ ہونے پر ایوان سے واک آؤٹ کیا، اپوزیشن لیڈرعمر ایوب کی قیادت میں ارکان ایوان سے چلے گئے، اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے الزام لگایا کہ ہمارے پنجاب کے اراکین کو زد و کوب کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک بانی چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی کارکنان کو رہا نہیں کیا جاتا، ہمارے ارکان کو استعفے دینے کے لیے دھمکیاں دینے کا سلسلہ بند نہیں کیا جاتا، اس وقت تک ہم کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں