حکومت کو بڑا جھٹکا،ایک اور سیاسی جماعت کا آئینی ترمیم کیلئے ووٹ نہ دینے کا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ نے لاپتا افراد کی بازیابی تک آئینی ترامیم کیلئے ووٹ نہ دینے کا اعلان کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف نے بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل سے آئینی ترامیم میں ووٹ لینے کیلئے رابطہ کیا تو اختر مینگل نے اپنے دو ہزار لاپتا افراد کو رہا کرنے کی شرط رکھ دی، انہوں نے وزیراعظم کو جواب دیا کہ ہمارے بندوں کو رہا کردیں تو ہم آپ کو سینیٹ میں ووٹ دے دیں گے، دو ہزار لاپتا افراد کو رہا کر دیں تو ہم آپ کو سینیٹ میں اپنے دو ووٹ دیدیں گے۔

ادھر پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا آئینی ترمیم پر زیادہ فرق نہیں پڑے گا، اس فیصلے کے ذریعے تھوڑا اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی ہے لیکن حکومت کے پاس آئینی ترمیم کیلئے مطلوبہ تعداد پوری ہے، آئینی ترامیم آج ہی پارلیمنٹ میں لائی جائیں گی، مطلوبہ ارکان پورے ہیں، امید ہے آج آئینی ترمیم ہو جائے گی، پوری امید ہے مولانا فضل الرحمان ووٹ دیں گے، پی ٹی آئی کے ڈی این اے میں مل کر چلنا ہے ہی نہیں، پی ٹی آئی میں پارٹی کے اندر اور باہر آمریت ہے، چاہے غلط ہو یا درست بس ایک شخص کی چلتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close