190ملین پائونڈ ریفرنس نتیجہ خیز مرحلے میں داخل، 14 گواہ غیر ضروری قرار دے دیئے گئے

راولپنڈی (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس میں 14 گواہ غیر ضروری قرار دے دیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، سماعت کے دوران نیب نے بقیہ 14 گواہان غیر ضروری قرار دیتے ہوئے ترک کر دیئے، 35 گواہوں پر جرح مکمل ہونے اور 14 گواہ ترک کرنے کے بعد استغاثہ کا ٹرائل مکمل ہوجائے گا، جرح مکمل ہونے پر ملزمان کو اپنی صفائی گواہ اور ثبوت لانے کا موقع دیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، سماعت کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے نیب تفتیشی افیسر پر جزوی جرح کی، سماعت میں بشریٰ بی بی کی درخواست بریت دائر کی گئی جس پر عدالت نے نوٹس جاری کردیئے، عدالت نے وکلا صفائی کی جانب سے 14 گواہان کو طلبی کے سمن جاری کرنے کی درخواست غیر موثر قرار دیدی، ریفرنس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

دی نیوز میں صحافی انصار عباسی نے رپورٹ کیا کہ نیب ذرائع کا کہنا ہے انہیں بحریہ ٹاؤن کے دفاتر پر حالیہ چھاپے کے دوران مختلف کیسز کے حوالے سے اہم شواہد ملے جن میں 190 ملین پاؤنڈز کے این سی اے سیٹلمنٹ سکینڈل سے متعلق ثبوت بھی شامل ہیں، چھاپے کے دوران جو شواہد اکٹھے ہوئے وہ بے حد اہم ہیں، ان کا تعلق برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی سے جڑے معاملے سمیت مختلف کیسز سے ہے، اس وقت بحریہ ٹاؤن کے دفاتر سے جمع ہونے والے شواہد کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close