لاہور(پی این آئی)مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ محمد زبیر کے بیان نے شریف فیملی کی سیاست کا پول کھول دیا۔پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف نے یہ بات کہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ عدالت کو احسن اقبال کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے، احسن اقبال کا ضمیر بھی جلد جاگ جائے گا۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کا فیصلہ عدالت کرے گی، شریف فیملی نے ہمیشہ سازشی سیاست کی۔خیبر پختون خوا کے مشیرِ اطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کے بیانِ حلفی نے ان کی کرپشن عیاں کی تھی۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سابق ترجمان اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے گزشتہ دنوں ن لیگ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا تھا کہ ووٹ کو عزت دو ہمارا نعرہ تھا، اب ہر قیمت پر پاور میں ہی رہنا ہو تو ساتھ چلنا بڑا مشکل ہوجاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے میں نے یہ فیصلہ کر لیا تھا، جب سے پاور پالیٹکس شروع کی ہے تو ساتھ چلنا مشکل ہو گیا تھا۔سابق گورنر سندھ نے کہا تھا کہ میں کافی عرصے پہلے ن لیگ قیادت کو واضح کر چکا تھا، مجھے تحریکِ عدم اعتماد، پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی کارکردگی سمیت مختلف ایشوز پر اختلافات تھے۔انہوں نے کہا تھا کہ کافی عرصے سے مسلم لیگ ن سے تحفظات تھے، اب فیصلہ کر لیا ہے کہ اسے خیرباد کہوں، سیاسی مستقبل کا فیصلہ دوستوں کے مشورے کے بعد کروں گا۔حسن اقبال نے گزشتہ دنوں لاہور میں رپورٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوگ ہمارے پاس آتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اگر پاکستان کو ترقی کرنی ہے تو عمران خان کو 5 سال کے لیے جیل میں ہی رکھنا پڑے گا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان جیل سے باہر آتے ہیں تو پھر سے دھرنے اور لڑائیاں ہوں گی جس کا پاکستان، موجودہ حالات میں متحمل نہیں ہو سکتا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں