راولپنڈی(پی این آئی)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سپریم کورٹ کو مذاکرات کے حوالے سے خط لکھنے کافیصلہ کیا ہے،ملک کو درپیش سنگین معاشی و سیاسی عدم استحکام ختم کرنے کیلئے ہر سنجیدہ فریق سے بات کرنے کو تیار ہیں، خط ملک کو درپیش معاشی مشکلات اور سیاسی عدم استحکام ختم کرنے کیلئے لکھ رہا ہوں۔
بانی پی ٹی آ ئی کا کہنا ہے کہ ہر وہ فریق جو معاشی و سیاسی مسائل حل کرنے کی استطاعت رکھتاہو اس سے بات کرنے کو تیار ہیں۔بانی پی ٹی آئی نے خط کا ضروری متن نوٹ کروادیا۔ خط میں مطالبہ کیا جائے گا کہ انتخابی مینڈیٹ کی واپسی اور 9 مئی جوڈیشل انکوائری سمیت دیگر سیاسی کیسز میں فئیر ٹرائل کیا جائے۔ نیب ترامیم کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو دیگر سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا مشورہ دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے تھے کہ پارلیمنٹ میں بیٹھ کر مسائل حل کریں۔ملک کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ہم سیاسی بات نہیں کرنا چاہ رہے تھے مگر آپ کو روک نہیں رہے تھے۔ ڈائیلاگ سے کئی چیزوں کا حل نکلتا ہے۔جسٹس جمال مندوخیل نے کہا تھاکہ عمران خان آپ کی باتیں مجھے بھی خوفزدہ کررہی ہیں۔حالات اتنے خطرناک ہیں تو ساتھی سیاستدانوں کے ساتھ بیٹھ کر حل کریں۔ جب آگ لگی ہو تو نہیں دیکھتے کہ پاک ہے ناپاک، پہلے آپ آگ تو بجھائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں