پی ٹی آئی کا مرکزی سیکرٹریٹ گرانے پر سینیئر قیادت کا دبنگ اعلان

اسلام آباد(پی این آئی) رات گئے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے مرکزی دفتر پر آپریشن، سی ڈی اے کی جانب سے پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر کا ایک حصہ گرا دیا گیا، عمارت کو سیل بھی کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب کو سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد پولیس کے ہمراہ اسلام آباد کے سیکٹر جی 8 میں واقع تحریک انصاف کے مرکزی دفتر پر کریک ڈاون کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سی ڈی اے کے عملہ بھاری مشینری کے ساتھ تحریک انصاف کے مرکزی دفتر پہنچا اور دفتر کے ایک حصے کو گرا دیا گیا۔ سی ڈی اے کی ٹیم نے تحریک انصاف کے مرکزی دفتر کو سیل بھی کر دیا ہے۔ سی ڈی اے کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ پلاٹ سے ملحقہ اراضی پر قبضہ کر کے بڑے پیمانے پر تجاوزات قائم کی گئی تھیں۔جبکہ اس حوالے سے تحریک انصاف کی جانب سے بھی فوری ردعمل جاری کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ مینڈیٹ چور سرکار کی جانب سے بالکل غیرقانونی اور ظالمانہ طور پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کو گرانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ تمام کارکنان سے اپیل ہے کہ فوراً جی ایٹ فور، اسلام آباد میں مرکزی سیکرٹریٹ پہنچیں۔ جبکہ تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر بھی مرکزی سیکرٹریٹ پہنچ گئے۔ ان کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مرکزی دفتر سیل کرنے کیخلاف عدالت جائیں گے، جمعرات کے روز عمارت کے جس حصے کو گرایا گیا ہے، وہیں پر پریس کانفرنس کریں گے۔ اب یہ نہیں ہو سکتا ہے کہ بندوق کے ساتھ ڈائیلاگ بھی کیا جائے۔

close