عمران خان کی خواہشات پوری نہیں ہوسکیں، ن لیگی رہنما کا انکشاف

کراچی (پی این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اگلے 5سال کا سیٹ اپ بن چکا ہے جسے پی ٹی آئی نے قبول کرلیا ہے،توہین عدالت میں پارلیمنٹرینز اور سیاستدان ہی کیوں آتے ہیں، آئین توڑنے والا کبھی توہین عدالت میں نہیں آیا، آئین توڑنے کا تحفظ کرنے والے ججز پر کیا توہین عدالت نہیں لگتی، توہین عدالت کا قانون پوری دنیا میں ختم ہوچکا ہے۔

سینیٹر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں انصاف ہو،کیا پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ نہیں ہوئی، کیا سائفر سب کے سامنے نہیں لہرایا گیا، 190ملین پاؤنڈ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، بانی پی ٹی آئی سخت بیانیہ اپنارہے ہیں تاکہ دباؤ ڈال سکیں، وہ سمجھتے ہیں اس طرح حکومت اور اسٹیبلشمنٹ دباؤ میں آئے گی، ایک دن ان سے بات ہوگی اور ان کے سارے گناہ معاف ہوں گے، انہیں کندھوں پر بٹھا کر وزیراعظم ہاؤس لایا جائے گا لیکن یہ دن گزر چکے ہیں،بانی پی ٹی آئی کی یہ خواہشات پوری نہیں ہوں گی۔

اگلے5سال کا سیٹ اپ بن چکا ہے جسے پی ٹی آئی نے قبول کرلیا ہے، پی ٹی آئی کی ایک صوبے میں حکومت ہے وہ نظام کا حصہ ہے، انہیں کیسوں کا سامنا کرنا پڑے گا، بلیک میلنگ سے مذاکرات نہیں ہوں گے، ہم واضح ہیں سسٹم میں دوسرے اداروں کا عمل دخل نہیں ہونا چاہیے، جب ادارے یا کچھ افراد پیچھے ہٹے تو( ن) لیگ بھی پیچھے ہٹ گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close