عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا گیا، کب سنایا جائیگا؟

اسلام آباد(پی این آئی)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

عدت میں نکاح کیس کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے کی جس میں بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل جبکہ وکیل رضوان عباسی کے معاون عدالت میں پیش ہوئے۔ معاون وکیل شکایت کنندہ کا کہنا تھا رضوان عباسی صاحب نے دلائل دینے ہیں، ریکارڈ ان کے پاس نہیں ہے، جج نے بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ نے بھی تو دلائل دینے ہیں، اپنے حتمی دلائل دیدیں ۔ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کہ رضوان عباسی عدالت میں ہر حال میں دلائل دیں، رضوان عباسی ویڈیو لنک پر دلائل دیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا جاتا ہے اور پھر وہ عدالت سے اٹھ کر اپنے چیمبر چلے گئے۔ عدالتی عملے کے مطابق سیشن جج شاہ رخ ارجمند 29 مئی کو عدت میں نکاح کیس کی اپیلوں پر فیصلہ سنائیں گے۔

close